ڈونلڈ ٹرمپ کی بہن کا کہنا ہے کہ ان کے بھائی ’جھوٹے اور جعلی‘ ہیں

،تصویر کا ذریعہGetty Images
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بڑی بہن اور سابق فیڈرل جج میریاین کا کہنا ہے کہ ان کے بھائی ’ایک جھوٹے انسان ہیں جس کے کوئی اصول نہیں۔‘
ڈونلڈ ٹرمپ کی بڑی بہن کے اپنے بھائی کے بارے میں یہ باتیں ایک خفیہ ریکارڈنگ میں سامنے آئی ہیں۔
اس ریکارڈنگ میں میریاین ٹرمپ اپنی بھیتجی میری ٹرمپ کے اس دعوے کی بھی تصدیق کرتی ہیں جس کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یونیورسٹی کے داخلہ امتحان میں اپنے دوست کو پیسے دے کر اس سے امتحان دلوایا تھا۔
صدر ٹرمپ کے بارے میں ان کی بہن میریاین ٹرمپ بیری کے یہ خیالات ان کی بھتیجی میری ٹرمپ نے ریکارڈ کیے تھے جنہوں نے گذشتہ ماہ ایک کتاب شائع کی جس میں صدر پر کڑی تنقید کی گئی ہے۔
ریکارڈنگ میں میریاین ٹرمپ کو کہتے سنا جا سکتا ہے ’خدارا اس کی ٹویٹ اور جھوٹ۔ یہ منافقت ہے اور ظلم ہے۔‘
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
میری ٹرمپ کا کہنا ہے کہ انھوں نے اپنی پھوپھی کی ریکارڈنگ اس لیے کی تاکہ وہ قانونی چارہ جوئی سے بچ سکیں۔
صدر ٹرمپ نے تازہ انکشافات کے بعد وائٹ ہاؤس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا ’ہر روز کوئی بات ہوتی ہے، کسے پرواہ ہے‘
اس ریکارڈنگ کے بارے میں پہلے واشنگٹن پوسٹ نے رپورٹ کی جس کے بعد ایسوسی ایٹیڈ پریس نے اسے حاصل کیا۔
’اس نے کسی سے اپنا امتحان دلوایا‘
اس خفیہ ریکارڈنگ میں میریاین ٹرمپ بیری ٹرمپ انتظامیہ پر ان کی امیگریشن پالیسی کے حوالے سے تنقید کر رہی ہیں جس کی وجہ سے سرحد پر کئی بچے حراستی مرکز پر رکھے گئے۔
صدر ٹرمپ کی بھتیجی میری ٹرمپ نے اپنی کتاب میں ایک جگہ دعوی کیا تھا کہ ان کے چچا نے یونیورسٹی کے داخلہ امتحان میں اپنے دوست کو پیسے دے کر اس سے امتحان دلوایا تھا۔
میریاین ٹرمپ بیری اس ریکارڈنگ میں اس واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ انہیں تو اس دوست کا نام بھی یاد ہے۔
وہ کہتی ہیں ’وہ پنسلوینیا کی یونیورسٹی میں گیا کیونکہ اس کا امتحان کسی اور نے دیا تھا۔‘
میریاین ٹرمپ بیری اپنے بھائی کی کافی حامی تھیں اور ماضی میں کہہ چکی ہیں کہ وہ دونوں کافی قریبی ہیں۔ انھوں نے ایک مرتبہ بتایا کہ کس طرح ڈونلڈ ٹرمپ نے ان کی روزانہ عیادت کی جب وہ آپریشن کے بعد ہسپتال میں تھیں۔
ان کا کہنا تھا ’فرض ادا کرنے کے لیے ایک مرتبہ آنا کافی تھا لیکن جب آپ اس سے آگے جاتے ہیں تو یہ آپ کا پیار ظاہر کرتا ہے۔‘










