ڈونلڈ ٹرمپ: امریکی صدر کے بھائی رابرٹ ٹرمپ انتقال کر گئے

،تصویر کا ذریعہGetty Images
صدر ٹرمپ نے اپنے سب سے چھوٹے بھائی اور ’قریب ترین ساتھی‘ رابرٹ ٹرمپ کی وفات کے بعد انھیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ گذشتہ شب رابرٹ ٹرمپ 71 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔
صدر ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’میں انتہائی غم کے ساتھ اطلاع دے رہا ہوں کہ گذشتہ شب میرا بھائی رابرٹ انتقال کر گیا ہے۔‘
گذشتہ روز صدر ٹرمپ نیویارک میں اپنے بھائی کی عیادت کے لیے ہسپتال بھی گئے تھے۔ اس موقعے پر انھوں نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ ان کے بھائی کو مشکل پیش آ رہی تھی۔
یہ بھی پڑھیے
اب تک یہ واضح نہیں ہے کہ رابرٹ ٹرمپ کے انتقال کی کیا وجہ بنی۔ امریکی میڈیا کے مطابق وہ کافی عرصے سے شدید بیمار تھے۔ نیویارک پوسٹ کے مطابق وہ جون میں بھی ایک ہفتے کے لیے ہسپتال میں داخل رہے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ’وہ نہ صرف میرا بھائی تھا بلکہ میرا بہترین دوست بھی تھا۔ وہ میرے دل میں ہمیشہ زندہ رہے گا۔‘
صدر ٹرمپ کے بیٹے ایرک نے بھی اپنے چچا کو ایک ’بہترین انسان۔۔۔ مضبوط، رحم دل، اور انتہائی وفادار‘ قرار دیا۔ انھوں نے ٹوئٹر پر کہا کہ ’ہماری پوری فیملی انھیں یاد کرے گی۔‘
رابرٹ ٹرمپ فریڈ اور میری ٹرمپ کے پانچ بچوں میں سب سے چھوٹے تھے اور اپنے بھائی ڈونلڈ کے دو سال بعد پیدا ہوئے تھے۔
ان کے سب سے بڑے بھائی فریڈ جونیئر 1981 میں انتقال کر گئے تھے۔

،تصویر کا ذریعہTrump Campaign
رابرٹ ٹرمپ نے اپنا بیشتر کیریئر اپنے خاندان کے ریئل اسٹیٹ کے کاروبار میں گزارا اور نیویارک میں وہ کافی کامیاب رہے۔
تاہم اپنے بھائی کے برعکس انھیں شہرت کا شوق نہیں تھا اور وہ نیویارک میں اب تقریباً ریٹائرڈ زندگی گزار رہے تھے۔
حال ہی میں رابرٹ ٹرمپ نے عدالت سے اس وقت رجوع کیا تھا جب انھوں نے اپنی بھتیجی میری ٹرمپ کی کتاب کی اشاعت روکنے کی کوشش کی تھی۔










