نائجیریا میں انتہائی نایاب گوریلے کی بچوں کے ہمراہ جھلک

،تصویر کا ذریعہWCS
ماحولیات کے تحفظ کے غیر سرکاری ادارے وائلڈ لائف کنزرویشن سوسائٹی نے برسوں بعد ایک نایاب گوریلے کی تصاویر جاری کی ہیں۔
یہ تصاویر نائجیریا کے ایمبی پہاڑوں میں بنائی گئی ہیں اور ان میں نایاب گوریلوں کا جوڑا اپنے بچوں کے ہمراہ دیکھا گیا ہے۔
نائجیریا اور کیمرون کے پہاڑوں میں پائے جانے اس نایاب گوریلے کی نسل کو معدومی کا خطرہ لاحق ہے۔
ماحولیات کے ماہرین نے کہا ہے کہ کراس ریور گوریلا کو بچوں کے ساتھ دیکھنا انتہائی حوصلہ افزا ہے کیونکہ ایسا لگتا ہے کہ معدومی کے خطرے سے دوچار گوریلے کی افزائش نسل ہو رہی ہے۔
خیال کیا جاتا ہے کہ نائجیریا میں دیکھے جانے والے کراس ریور گوریلے کی نسل کے صرف 300 جانور دنیا میں باقی بچے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
وائلڈلائف کنزرویشن سوسائٹی نے کہا ہے کہ سب سے حوصلہ افزا امر یہ ہے کہ نایاب نسل کے گوریلے اپنے بچے پیدا کر رہے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہWCS NIGERIA

،تصویر کا ذریعہWCS NIGERIA
اس سال کے اوئل میں خفیہ کیمروں کے ذریعے بنائی جانے والی تصاویر میں کئی ننھے گوریلا بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔
وائلڈ لائف کنزرویشن سوسائٹی نائجیریا نے کہا ہے کہ یہ تصاویر خفیہ کیمرے کے ذریعے ایمبی کے پہاڑی سلسلے میں بنائی گئی ہیں۔
انسانوں سے چوکنا
ورلڈ وائڈ فنڈ فار نیچر (ڈبلیو ڈبلیو ایف) کے مطابق کراس ریور گوریلا بغیر دم والے بندروں کی ایک انتہائی نایاب نسل ہے۔
کراس ریور گوریلے انسانوں سے بہت خائف اور چوکنے رہتے ہیں۔ وہ اپنی کچھ مخصوص جسمانی ساخت کی وجہ سے پہچانے جاتے ہیں۔ کراس ریور گوریلا کا سر چھوٹا، بازو لمبے اور بالوں کا رنگ قدرے ہلکا ہوتا ہے۔

،تصویر کا ذریعہWCS NIGERIA
ان گوریلوں کے بارے میں سمجھا جاتا ہے کہ وہ صرف نائجیریا اور کیمرون کے پہاڑوں میں پائے جاتے ہیں اور یہ بہت ہی کم دیکھے جاتے ہیں۔
وائلڈ کنزرویشن سوسائٹی نےکہا کہ وہ نائجیریا کی حکومت اور ایمبی پہاڑوں میں کام کرنے والی ایک مقامی تنظیم کے ساتھ مل کر ان نایاب گوریلوں کی حفاظت کے لیے کام کر رہی ہے۔










