گیمبینو مافیا کے سربراہ ’فرینکی بوائے‘ نیو یارک میں قتل کر دیے گئے

،تصویر کا ذریعہAFP
نیو یارک کی جرائم پیشہ گیمبینو خاندان کے معروف سربراہ فرینک کیلی کو ان کے گھر کے باہر ہلاک کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے امریکی میڈیا کو بتایا کہ 53 سالہ کیلی کو سٹیٹن آئی لینڈ کی ٹوٹ ہل ڈسٹرکٹ میں بدھ کی شام متعدد گولیاں ماری گئیں اور بعد ازاں وہ ہسپتال میں چل بسے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ نامعلوم قاتل بعد میں موقع واردات سے نیلی رنگ کی گاڑی میں فرار ہو گیا۔
یہ بھی پڑھیے
نیو یارک کے ذرائع ابلاغ کے مطابق سنہ 1985 کے بعد کسی مافیا کے سرغنہ کی شہر میں پہلی ٹارگٹڈ کلنگ ہے۔
گیمبینو خاندان کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ یہ ان پانچ تاریخی امریکی، اطالوی مافیا خاندانوں میں سے ایک ہے جو نیو یارک میں بستے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ فرار ہونے سے قبل کیلی کے قاتل نے انھیں کم از کم چھ گولیاں ماریں اور اس کے بعد ان کو گاڑی تلے روندا۔
کیلی کے خاندان کے افراد کو واقعے کے بعد گلی میں پہنچتے اور ان کی لاش کے پاس بیٹھ کر روتے دیکھا گیا۔
پولیس کے مطابق قتل کا وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں ہیں۔
ایک پولیس اعلامیے کے مطابق ’کسی شخص کو حراست میں نہیں لیا گیا ہے جبکہ تفشیش جاری ہے۔‘
نیویارک کے میڈیا کا کہنا ہے کہ سنہ 1985 میں گیمبینو خاندان کے سربراہ پال کیستیلانو کے ایک ریستوران میں قتل کے بعد یہ کسی جرائم پیشہ خاندان کے سربراہ کا پہلا قتل ہے۔
فرانسیسکو کیلی، جو 'فرینکی بوائے' کے نام سے جانے جاتے تھے، کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کے انھوں نے سنہ 2015 میں ڈومینیکو سیفالو سے تنظیم کی سربراہی حاصل کی تھی۔
کہا جاتا ہے کہ وہ بھتہ لینے کے صرف ایک مقدمے میں سزا یافتہ ہیں جس پر ان کو 16 ماہ جیل میں گزارنے پڑے تھے۔
گیمبینو خاندان کا بدنامِ زمانہ سربراہ جان گوٹی کو تصور کیا جاتا ہے جو سنہ 1992 میں 13 قتل اور متعدد دیگر جرائم میں ملوث پائے گئے تھے۔ ان کی وفات 2002 میں ہوئی تھی۔
سٹیٹن آئی لینڈ میں متمول ٹوٹ ہل کا علاقہ جرائم سے تعلق کی وجہ سے جانا پہچانا ہے۔
سنہ 1972 میں بنائی جانے والی فلم دی گاڈ فادر میں اس علاقے کو افسانوی کردار ڈان کارلیونی کی رہائش گاہ کے طور پر بھی دکھایا گیا تھا۔
پال کسٹیلانو کا گھر بھی ادھر ہی ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
جینویزئے، گیمبینو، لوکیسے، کولمبو اور بونانو مافیا خاندانوں کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ گذشتہ کئی دہائیوں سے نیو یارک میں منظم جرائم کو کنٹرول کر رہے ہیں۔
گذشتہ ہفتے کولمبو تنظیم کے سربراہ 85 سالہ کارمین پیرسیکو 139 سالہ قید کی سزا کاٹنے کے دوران جیل میں ہلاک ہو گئے تھے۔ وہ پچھلے 33 سالوں سے جیل میں تھے۔
بدھ کے روز بونانو خاندان کے دو سربراہان جوزف کیمرانو جونیئر اور جان زینکوسیو کو مین ہیٹن کی ایک عدالت نے بھتہ وصولی اور دیگر بدعنوانیوں کے الزامات سے بری کیا تھا۔









