اٹلی کے سب سے بڑے مافیہ گروپ کے سربراہ گرفتار

لاطینی امریکی ملک کولمبیا کی پولیس کا کہنا ہے کہ انھوں نے اٹلی کے کالابریئن گروپ کے مبینہ مافیہ کے سرغنہ کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مافیہ کے سربراہ روبرٹو پانونزی منشیات کی غیر قانونی تجارت میں ملوث یورپ کو سب سے زیادہ مطلوب شخص ہیں اور روبرٹو کو کولمبیا کے دارالحکومت بوگوٹا کے ایک شاپنگ سنٹر سے گرفتار کیا گيا ہے۔
وہ سنہ 2010 میں اُس وقت فرار ہوئے جب وہ روم کی کلینک میں قیدی کے طور پر زیر علاج تھے۔
پانونزی پر اٹلی کی عدالت نے الزام عائد کیا ہے کہ انھوں نے بحر اوقیانوس کے پار اٹلی اور کولمبیا کے درمیان کوکین کی تجارت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہیں کالابیریائی مافیا گروپ ’اینڈرین گھیٹا‘ کا مبینہ سرغنہ کہا جاتا ہے اور پانونزی پر ہر مہینے یورپ میں دو ٹن کوکین کی درآمد میں مدد کرنے کا الزام ہے۔
کولمبیا کی وزارت دفاع نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اٹلی کے مافیا کو امریکی منشیات کی روک تھام کے ادارے یو ایس ڈرگ انفورسمنٹ کی مدد سے جمعہ کو پکڑا گیا۔
وزارت دفاع نے ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہا ہے کہ ’پانونزی جنہیں اٹلی کے پابلو اسکوبار کے نام سے جانا جاتا ہے۔ وہ ملک میں سب سے مطلوب افراد میں شامل ہیں جب انہیں پکڑا گیا تو پانونزی نے اپنی جعلی شناخت پیش کرتے ہوئے خود کو وینے زوئیلا کے سلوانو مارٹینو کے طور پر پیش کیا۔‘
اس سے قبل روبرٹو پانونزی کو سنہ 1994 میں کولمبیا میں گرفتار کیا گیا تھا اور بعد میں انہیں اٹلی بھیج دیا گیا تھا جہاں سزا پوری ہونے کے بعد وہ رہا ہو گئے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس کے بعد انہیں سنہ 2004 میں دوبارہ گرفتارکر کے سزا سنائی گئی لیکن وہ ڈرامائی انداز میں سنہ 2010 میں اٹلی کے ایک نجی ہسپتال سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
اٹلی کے حکام نے مافیا گروپ اینڈرین گھیٹا کو ملک کا سب سے خطرناک اور آمیرترین جرم کا مرکز قرار دیا ہے۔ سسلی کے مافیا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ دنیا کی سب سے بڑی جرائم پیشہ تنظیم بن گئی۔







