سلووینیا: ’فراڈ کے ذریعے‘ انشورنس حاصل کرنے لیے خاتون کا ہاتھ کاٹ دیا گیا

،تصویر کا ذریعہFile pic
سلووینیا میں پولیس نے ایک خاتون پر اپنے خاندان کی مدد اور دھوکہ دہی سے انشورنس کلیم حاصل کرنے کے لیے اپنے ہاتھ آرے سے کاٹنے کا الزام عائد کیا ہے۔
21 سالہ خاتون اور ان کے ایک رشتے دار کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اگر انھیں مجرم قرار دے گیا تو انھیں آٹھ سال کی جیل کا سامنا کرنا پڑے گا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مشتبہ افراد نے حال ہی میں انشورنس لی ہے۔
مذکورہ خاتون نے مشتبہ طور پر 400,000 € (340,000£; 450,000$) کا معاوضہ اور انشورنس پالیسی سے تقریباً 3,000 € ماہانہ پیسے وصول کیے۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پولیس کے مطابق اس خاندان کے چار ارکان کو رواں برس کے شروع میں حراست میں لیا گیا تاہم بعد میں دو کو رہا کر دیا گیا۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ اس گروہ نے سلووینیا کے دارالحکومت لجوبلجانا میں واقع خاتون کے گھر میں ان کا ہاتھ جان بوجھ کر کاٹا۔
مذکورہ خاتون کے رشتے داروں نے انھیں ہسپتال پہنچایا اور ہسپتال کی انتظامیہ کو بتایا کہ خاتون نے لکڑی کاٹتے ہوئے خود کو زخمی کر لیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان خاتون کا جدا کیا ہوا ہاتھ ہسپتال لے جانے کے بجائے گھر میں ہی چھوڑ گئے تاکہ اس بات کا یقین دلایا جا سکے کہ ان کی معذوری مستقل ہے تاہم حکام نے اس خاتون کا کٹا ہوا ہاتھ وقت پر برآمد کر لیا اور اسے واپس جوڑ دیا گیا ہے۔











