امریکی عدالتوں میں مقدمات کی وجہ سے ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارت خطرے میں پڑ سکتی ہے

،تصویر کا ذریعہGetty Images
منگل کو امریکی عدالتوں میں صدر ٹرمپ کو جن دھچکوں کا سامنا کرنا پڑا، ان سے ان کی صدارت خطرے میں پڑ سکتی ہے۔
صدر کے سابق وکیل مائیکل کوہن نے منگل کے روز عدالت میں کھڑے ہو کر تقریباً صدر ٹرمپ پر جھوٹا ہونے کا الزام لگا دیا ہے۔
انھوں نے کہہ دیا ہے کہ صدر ٹرمپ نے 2016 کی صدارتی مہم کے دوران انھیں ہدایت کی تھی کہ خواتین کا منھ بند کروانے کے لیے انھیں رقم دی جائے۔
کوہن نے تسلیم کیا کہ جو رقم سٹورمی ڈینیئلز کو دی گئی، وہ صدارتی مہم کے لیے جمع شدہ رقم کا حصہ تھی، جو یا تو غیرقانونی کاروباری ذریعے سے آئی یا پھر کسی فرد پر خرچ کی جانے والی رقم سے تجاوز کرتی ہیں۔
امریکی قانون کے تحت یہ دونوں جرم ہیں اور ان کی سزا پانچ سال قید ہے۔
کوہن کے وکیل نے کہا کہ ’اگر یہ مائیکل کوہن کے لیے جرم ہے تو پھر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے کیوں نہیں؟‘
تاہم قانونی ماہرین کے مطابق صدر ٹرمپ جب تک صدر ہیں، ان کے خلاف مقدمہ نہیں چلایا جا سکتا۔
البتہ صدر کا مواخذہ ضرور ہو سکتا ہے، لیکن اس کے لیے ڈیموکریٹ پارٹی کو دونوں ایوانوں میں اکثریت درکار ہو گی جو ان کے پاس نہیں ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
صدر اس سے قبل انکار کرتے رہے ہیں کہ انھیں اس ادائیگی کا علم تھا۔ تاہم بعد میں ان کے وکیلوں نے اسے تسلیم کر لیا تھا۔
اب کوہن کے مطابق صدر کو شروع ہی سے اس ادائیگی کے بارے میں مکمل معلومات تھیں۔
آج تک کسی امریکی صدر کا کامیاب مواخذہ نہیں ہوا۔

،تصویر کا ذریعہReuters
یہ خالی خولی بیان ہی نہیں ہے بلکہ کوہن کے پاس ایک آڈیو ریکارڈنگ بھی موجود ہے جس میں وہ صدر ٹرمپ کے ساتھ ایک خاتون کیرن میک ڈوگل کو ادائیگی کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔
اس کے علاوہ پورن سٹار سٹورمی ڈینیئلز کا معاملہ بھی عدالت کے سامنے پیش ہونے والا ہے جنھیں کوہن نے صدر ٹرمپ کے ساتھ تعلقات کے بارے میں منھ بند رکھنے کے لیے ایک لاکھ 30 ہزار ڈالر دیے تھے۔
صدر ٹرمپ کی مشکلات یہیں پر ختم نہیں ہو جاتیں۔
سپیشل کونسل رابرٹ ملر ٹرمپ کے سابق مشیر پال مینافورٹ کے خلاف تحقیقات کر رہے ہیں جن پر ٹیکس میں دھوکہ دہی، خفیہ غیر ملکی بینک اکاؤنٹس رکھنے سمیت متعدد الزامات ہیں۔
اس کے علاوہ کئی روسی افراد اور کمپنیوں پر پہلے ہی فردِ جرم عائد کی جا چکی ہے جن کے ساتھ ٹرمپ کے قریبی ساتھیوں کے تعلقات تھے۔ ان میں ان کی مہم کے عہدے دار جارج پیپاڈوپولس، مائیکل فلن اور رک گیٹس شامل ہیں۔
جیوری کی طرف سے ان پر عائد 18 میں سے آٹھ الزامات پر مقدمہ چلانے کی توثیق کر دی گئی ہے، جن میں انھیں 80 برس قید ہو سکتی ہے۔
مینافورٹ نے 2016 میں ٹرمپ ٹاور میں ہونے والی اس ملاقات میں شرکت کی تھی جس میں صدر کے بیٹے ٹرمپ جونیئر نے روسی شہریوں سے ملاقات کر کے مبینہ طور پر ہلیری کلنٹن کے خلاف مواد حاصل کرنے کی کوشش کی تھی۔
اگر مینافورٹ نے ٹرمپ کے خلاف گواہی دینے کا فیصلہ کر لیا تو ان کی سزا میں تخفیف ہو سکتی ہے۔
یہ ٹرمپ کے لیے تباہ کن ہو گا۔









