شاہی شادی دکھانے کے لیے ٹی وی لائسنس کی چھوٹ

Meghan Markle and Prince Harry

،تصویر کا ذریعہAFP/Getty Images

،تصویر کا کیپشنبرطانوی شہزادہ ہیری اور امریکی اداکارہ میگھن مارکل کی شادی 19 مئی کو طے ہے

بی بی سی کا کہنا ہے کہ گلی محلوں میں ہونے والی محفلوں میں شاہی شادی کی تقریب بغیر ٹی وی لائسنس کے دکھائی جا سکتی ہیں۔

اس کا مطلب ہے کہ شاہی شادی دکھانے کے لیے ٹی وی لائسنس کے حصول کی چھوٹ ہوگی۔

عام طور پر کسی مخصوص علاقے میں ٹی وی کی لائیو نشریات دکھانے کے لیے ٹیلی وژن لائسنس درکار ہوتا ہے تاہم ان مخصوص حالات میں اس کی رعایت دی گئی ہے۔

اسی بارے میں

حکومت کا کہنا ہے کہ 19 مئی کو ہونے والی شادی کے لیے سینکڑوں سٹریٹ پارٹیز کے لیے خصوصی درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔ جن میں بروملے اور جنوبی مشرقی لندن میں 60، مغربی لندن اور رچمنڈ میں 54 جبکہ ریڈنگ اور بریک شائر میں 12 درخواستیں موصول ہوئیں۔

حکومت کا کہنا ہے کہ متعدد کونسلز نے ان سٹریٹ پارٹیز کے لیے فیس کو معاف کر دیا ہے اور اس خصوصی تقریب کی وجہ سے شراب خانوں کے کھلے رہنے کے اوقات میں بھی رعایت دی گئی ہے۔

بی بی سی کے ریوینیو مینیجمنٹ کے سربراہ پیپا ڈاؤٹفائر کا کہنا ہے کہ ’غیر معمولی حالات کے پیشِ نظر عارضی طور پر یہ چھوٹ دی گئی ہے۔‘

برطانوی شہزادہ ہیری اور امریکی اداکارہ میگھن مارکل دونوں 19 مئی کو رشتۂ ازداوج میں بندھ جائیں گے۔