شہزادہ ہیری کی منگیتر میگن مارکل کون ہیں؟

میگن مارکل

،تصویر کا ذریعہAFP/GETTY IMAGES

،تصویر کا کیپشنشہزادہ ہیری اپنی اداکارہ گرل فرینڈ میگن مارکل کے ساتھ موسم بہار میں شادی کررہے ہیں

کئی مہینوں کی قیاس آرائی کے بعد یہ اعلان کیا گیا ہے کہ شہزادہ ہیری اپنی اداکارہ گرل فرینڈ میگن مارکل کے ساتھ موسم بہار میں شادی کر رہے ہیں۔

امریکی ٹی وی ڈراما سیریز'سوٹس' میں ریچل زین کا کردار نبھانے والی اداگارہ مس مارکل چار اگست 1981 کو پیدا ہوئیں۔ لاس اینجلس میں پلی بڑھیں اور اب ٹورونٹو میں رہتی ہیں۔

وہ جس علاقے میں پلی بڑھیں اسے'بلیک بیورلی ہلز' قرار دیا جاتا ہے اور وہاں ایک گھر کی اوسط قیمت سات لاکھ اکہتر ہزار ڈالر ہے۔

انھوں نے ایک نجی پرائمری سکول ، لڑکیوں کے رومن کیتھولک کالج سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد 2003 میں اداکاری کے کریئر کے آغاز کے ساتھ انہوں نے نارتھ ویسٹ یونیورسٹی سکول آف کمیونیکیشن سے گریجویٹ کیا۔

آڈیشنز کے درمیان انھوں نے شادی کے دعوت ناموں پرخطاطی کرکے اور سکول میں ہاتھ سے لکھنے کی صلاحتیوں کی تربیت دے کر پیسے کمائے۔

ان کے والد 80 کی دہائی کے مشہور شو 'میریڈ ود چلڈرن' میں سنیماٹوگرافر تھے اور میگھن امریکی ٹی وی پر پہلی بار 2002 میں ایک میڈیکل ڈرامہ سیریز جنرل ہسپتال میں نظر آئیں۔ اس کےبعد انہوں نے ٹی وی سیریز کرائم سین انویسٹی گیشن (سی ایس آئی) ، ود آؤٹ آ ٹریس اور کیسل میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

میگھن مارکل

،تصویر کا ذریعہTASOS KATOPODIS

،تصویر کا کیپشنصرف 11 برس کی عمر میں انہوں نے ایک صابن تیار کرنے والی ایک کمپنی کو مجبور کردیا تھا کہ وہ اپنے اشتہار میں ترمیم کریں۔

بعد میں مس مارکل ہالی وڈ کی فلموں بڑے پردے پر بھی نظرآئیں جیسے کہ 'گیٹ ہم ٹو دا گریک' ، 'ریمیمبرمی' اور 'ہوریبل باسس' میں نظرآئیں۔

انہوں نےایک سائی فائے سیریز 'فرنج' میں ایف بی آئی سپیشل ایجنٹ ایمی جیسپ کا کردار نبھایا لیکن یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ وہ کمپنیوں کے قانونی معاملات کے گرد گھومنے والے امریکی ڈرامہ سیریز 'سوٹس' میں اپنے کردار کی وجہ سے سب سے زیادہ مشہور ہوئیں جسے برطانیہ میں ڈیو چینل اور نیٹ فلکس پر بھی نشر کیاگیا۔

مارکل 2011 میں شروع ہونے والے اس ڈرامہ سیریزمیں شروع سے شامل رہیں ۔کئی مہینوں سے یہ افواہیں گردش میں تھیں کہ وہ اس سیریز کے آٹھویں سیزن میں نظر نہیں آئیں گی تاہم ان کی منگنی کی خبر کے ساتھ ہی اس کے امکان اور بھی زیادہ ہیں۔

ستمبر 2017 میں مس مارکل نے وینٹی فیئر میگزین کو بتایا کہ 'وہ اور ہیری دونوں بہت خوش اور محبت میں ہیں۔'

مس مارکل کی یہ پہلی شادی نہیں ہوگی۔ ستمبر 2011 میں انہوں نے فلم پروڈیوسر ٹریور اینجلسن سے شادی کی لیکن دوسال بعد یہ شادی ختم ہوگئی۔

ان کے سابق شوہر اب نیا ٹی وی شو بنا رہے ہیں اور اس کا پلاٹ ایک شخص کی سابقہ بیوی کی حراست کی قانونی جنگ سے متعلق ہے جن کی دوسری شادی برطانوی شاہی خاندان میں ہوئی ہے۔

انسٹاگرام پر 19 لاکھ اور ٹوئیٹر پر 350000 فالوورز کےساتھ ان کا ایک بہت بڑا سوشل نیٹ ورک ہے۔ وہ ورلڈ وژن کینیڈا کی گلوبل ایمبیسڈر بھی ہیں جو دنیا بھر میں بچوں کی تعلیم، خوراک اور صحت عامہ کے لیے کام کرتا ہے۔

میگھن مارکل نے صرف 11 برس کی عمر میں خاتون اول ہلری کلنٹن اور دیگر مشہور شخصیات کو لکھے گئے ایک خط کے ذریعے صابن تیار کرنے والی ایک کمپنی کو مجبور کردیا تھا کہ وہ اپنے اشتہار میں ترمیم کریں۔ انہوں نے اس خط میں شکایت کی کہ اس اشتہار سے اس بات کو تقویت ملتی ہے کہ خواتین کا تعلق صرف باورچی خانے سے ہے۔