امریکہ نے ایٹمی معاہدہ توڑا تو ایران بھی ایسا ہی کرے گا: ایرانی وزیرِ خارجہ

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ایران کے وزیرِ خارجہ نے کہا ہے کہ اگر امریکہ ایران کے ساتھ ہونے والے چھ ملکی ایٹمی معاہدے سے دست بردار ہوا تو ایران بھی ایسا ہی کرے گا۔
ایرانی وزیرِ خارجہ جواد ظریف نے قطری ٹیلی ویژن چینل الجزیرہ سے نیویارک میں بات کرتے ہوئے کہا کہ 'اگر واشنگٹن اس معاہدے سے نکلنے کا فیصلہ کرتا ہے تو ایران کے پاس معاہدے سے دستبرداری اور دوسرے راستے موجود ہوں گے۔'
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 2015 میں ہونے والے اس معاہدے کے خلاف ہیں اور وہ اسے 'شرمندگی' اور 'تاریخ کا بدترین معاہدہ' قرار دیتے ہیں۔
جواد ظریف نے کہا کہ معاہدے کی پاسداری میں امریکہ کا فائدہ ہے۔
اس سے قبل الجزیرہ نے ایک ٹویٹ ڈیلیٹ کر دی تھی جس میں جواد ظریف کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ اگر واشنگٹن معاہدے سے دستبردار ہوا تو ایران بھی نکل جائے گا، بجائے اس کے کہ اس کے پاس معاہدے سے نکلنے کا راستہ موجود ہے۔ اس سے پہلے ایک ایرانی عہدے دار نے کہا تھا کہ جواد ظریف کی بات کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ٹرمپ اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ یہ معاہدہ امریکہ کی سلامتی کے مفاد میں ہے یا نہیں۔ ان کے پاس اس کی تصدیق کے لیے اکتوبر تک کا وقت ہے کہ آیا ایران معاہدے کی پاسداری کر رہا ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
امریکی محکمۂ خارجہ کے ایک عہدے دار نے کہا کہ امریکہ ایران کے ہر بیان پر تبصرہ نہیں کرے گا۔ انھوں نے کہا: 'ہم ایرانی دھمکیوں اور منفی حرکتوں سے مجموعی طور پر نمٹنے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہیں۔‘
ادھر امریکہ نے ایٹمی توانائی کے بین الاقوامی ادارے آئی اے ای اے سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایران کی ایٹمی تنصیبات کے مزید معائنے کرے، اور خبردار کیا کہ ایسا کرنے میں ناکامی سے ایران کے ساتھ کیا گیا ایٹمی معاہدہ 'کھوکھلا وعدہ' بن کر رہ جائے گا۔
اقوامِ متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی نے کہا کہ بعض ملک ایران کو آئی اے ای اے کی جانب سے کیے جانے والے معاہدے سے بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انھوں نے ملکوں کا نام نہیں لیا لیکن سفارتی ذرائع کے مطابق ان کا اشارہ روس کی جانب تھا۔

،تصویر کا ذریعہReuters
ہیلی نے ایک بیان میں کہا: 'اگر ایران کے ایٹمی معاہدے کا کوئی معنی نکلتے ہیں تو فریقین کو اس کی شرائط کی مشترکہ تفہیم ہونی چاہیے۔
ایرانی حکام نے بارہا کہا ہے کہ وہ اس معاہدے کو پہلے نہیں توڑیں گے۔ اس کے تحت ایران نے وعدہ کیا تھا کہ وہ اپنے ایٹمی پروگرام کو محدود کر دے گا جس کے عوض پر عائد بین الاقوامی پابندیاں ہٹا دی جائیں گی۔
امریکہ کے بعض اتحادی معاہدے کے خاتمے کے امکان سے پریشان ہیں۔ گذشتہ ہفتے فرانسیسی صدر میکخواں نے کہا تھا کہ اس ایٹمی معاہدے کا کوئی نعم البدل نہیں ہے۔
اگر ٹرمپ نے 16 اکتوبر تک معاہدے کی توثیق نہیں کی تو کانگریس کے پاس اس بات کا فیصلہ کرنے کے لیے 60 دن ہوں گے کہ ایران پر دوبارہ پابندیاں عائد کر دی جائیں۔










