انڈونیشیا میں 6.4 شدت کا زلزلہ، 24 افراد ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP/GETTY IMAGES
انڈونیشیا میں حکام کا کہنا ہے کہ صوبے آچے میں زیرِ سمندر زلزلے کے باعث 24 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ خیال کیا جا رہا ہے کہ درجنوں افراد ابھی بھی ملبے تلے پھنسے ہوئے ہیں۔
سماترا جزیرے کے علاقے سگلی کے قریب آنے والے اس زلزلے کی شدت چھ اعشاریہ چار ریکارڈ کی گئی ہے۔ زلزلے کے نتیجے میں کئی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
انڈونیشیا کی میٹرولاجیکل ایجنسی کا کہنا ہے کہ زلزلے کے باعث سونامی آنے کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
خیال رہے کہ آچے صوبے میں 2004 میں زیرِ سمندر شدید زلزلے کے باعث سونامی آئی تھی جس کے نتیجے میں ایک لاکھ 20 ہزار افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
امریکی جیولاجیکل سروے کا کہنا ہے کہ یہ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق بدھ کو صبح پانچ بج کر تین منٹ پر آیا، جس کی گہرائی 17.2 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔

،تصویر کا ذریعہAFP/GETTY IMAGES
زلزلے سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقے پیدی جایا کے ڈپٹی ڈسٹرکٹ چیف ملیادی نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔
دوسری جانب مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دیگر متاثرین کی تلاش کے لیے بھاری مشینری کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
آچے میں آنے والے زلزلے سے قریبی علاقوں میں بھی خوف و حراس پھیل گیا اور لوگ اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔
اس سے قبل بھی رواں سال سماترا جزیرے میں کئی زلزلے آچکے ہیں۔







