انڈونیشیا: سونامی میں درجنوں ہلاک

سونامی متاثرین
،تصویر کا کیپشنمنتاوی جزائر میں اطلاعات کے مطابق دس گاؤں مکمل طور پر بہہ گئے ہیں۔

انڈونیشیا کے دور دراز جزائر میں زلزلے کے بعد آنے والے سونامی سے سو سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

بحرہ ہند میں زلزلے کے نتیجے میں آنے والے سونامی سے سماٹرا کے مغرب میں واقع منتاوی جزائر میں اطلاعات کے مطابق دس گاؤں مکمل طور پر بہہ گئے ہیں۔

ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت سات عشاریہ سات تھی جس کے نتیجے میں آنے والے سونامی سے سمندر میں تین میٹر اونچی لہریں اٹھیں جنہوں نے انڈونیشیا کےمنتاوی جزائر پر زبردست تباہی مچائی ہے۔

اب تک کی اطلاعات کے مطابق ایک سو آٹھ افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جب کہ سینکڑوں افراد لاپتہ ہیں جس کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

سماٹرا کے مغرب میں واقع جزیرے پڈانگ کے اکثر رہائشیوں نے بھاگ کر اونچے مقامات پر پناہ لے لی ہے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے انڈونیشیا کی وزارت صحت حکام کے حوالے سے خبر دی ہے کہ اب تک ایک سو تیرہ لاشیں برآمد کی جاچکی ہیں۔

دارلحکومت جکارتہ میں بی بی سی کی نامہ نگار کرشما وسوانی کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ خراب موسم کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں سخت مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

دسمبر دو ہزار چار میں انڈونیشیا کے علاقے آچے کے ساحل کے قریب سمندر میں نو عشاریہ ایک شدت کے زلزلے کے بعد بحرہ ہند میں آنے والے سونامی سے تقریباً ڈھائی لاکھ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اس سونامی نے انڈونیشیا، سری لنکا، بھارت، اور تھائی لینڈ سمیت تیرہ ممالک کو متاثر کیا تھا۔