صومالیہ میں کار بم دھماکہ، کم از کم 11 ہلاک

صومالیہ

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنامدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ دھماکے میں مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے

صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں ایک کار بم دھماکے میں کم از کم 11 افراد ہلاک اور 16 زخمی ہوگئے ہیں۔

دھماکہ وبیری کے علاقے میں ایک بازار میں اس وقت کیا گیا جب صدر حسن شیخ محمد قریب ہی واقع ایک یونیورسٹی کا دورہ کر رہے تھے۔

تاحال کسی فرد یا گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی تاہم ماضی میں شدت پسند تنظیم الشباب اس قسم کی کارروائیوں میں ملوث رہی ہے۔

ایک عینی شاہد عبداللہ عثمان نے بتایا کہ 'افراتفری کی صورتحال تھی اور کئی لاشیں سڑک پر پڑی ہوئی تھیں۔'

امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ دھماکے میں مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

خیال رہے کہ افریقن یونین فورس کے تقریبا 22000 امن مشن کے اہلکار صومالیہ میں تعینات ہیں۔

صومالیہ میں سخت گیر شرعی نظام نافذ کرنے کی خواہشمند الشباب اس اہلکاروں کی ملک میں تعیناتی کی مخالفت کرتی ہے۔

صومالیہ کے جنوبی اور وسطی علاقوں سے الشباب کے گڑھ کے خاتمے کے باوجود اس شدت پسند تنظیم کی جانب سے صومالی حکومت اور غیرملکی افواج کے خلاف حملے کیے جاتے ہیں۔