کیمرون میں ٹرین حادثہ، کم از کم 53 افراد ہلاک

ٹرین حادثہ

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنعینی شاہدین کے مطابق کم از کم دس ڈبے پٹری سے اتر گئے

وسط افریقی ملک کیمرون میں وزیر ٹرانسپورٹ نے بتایا ہے کہ ریل گاڑی کے پٹری سے اترنے کے سبب کم از کم 53 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

اس حادثے میں بہت سے افراد زخمی بھی ہوئے ہیں اور حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

یہ حادثہ اس وقت پیش آيا جب ملک کے دو سب سے بڑے شہروں يانڈے اور ڈولا کے درمیان چلنے والی ٹرین پٹری سے اتر گئي۔

اطلاعات کے مطابق یہ ٹرین مسافروں سے کھچاکھچ بھری ہوئی تھی۔ خبررساں ادارے اے پی کے مطابق معمول کے 600 مسافروں کے بجائے ٹرین میں 1300 مسافر سوار تھے۔

بی بی سی کے نامہ نگار رینڈی جو سا 'کے مطابق یہ حادثہ دونوں شہروں کے درمیان ایسیكا کے مقمام پر ہوا۔

کیمرون ٹرین حادثہ

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنامدادی کام جاری ہے

وزیر ٹرانسپورٹ ایڈگارڈ الین میبے کے مطابق اس حادثے میں تقریبا 300 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثے میں بہت سے لوگ زخمی ہوئے ہیں، بعض کے ہاتھ یا پاؤں کٹ گئے ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق ٹرین کے دس ڈبے پلٹ گئے اور ان کے نیچے کئی لوگ دب گئے۔

کیمرون ٹرین حادثہ

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنٹرین میں معمول سے دوگنی بھیڑ تھی

شدید بارش اور مٹی کے تودے کے سبب دونوں شہروں کے درمیان جگہ جگہ سڑک مسدود تھی۔ اس لیے لوگ بڑی تعداد میں بسوں کے بجائے ٹرین سے سفر کر رہے تھے۔

غیر معمولی بھیڑ کے سبب ٹرین میں اضافی آٹھ ڈبے لگائے گئے تھے۔

حکومت کے ایک وزیر نے کہا ہے کہ بسوں کا راستہ بدل کر دوسرے راستے سے لے جانے کے لیے فوج کی مدد لی جا رہی ہے۔