امریکہ: نیو جرسی میں مسافر ٹرین سٹیشن کی عمارت میں گھس گئی

،تصویر کا ذریعہGoogle
امریکہ کی ریاست نیو جرسی میں ایک مسافر ٹرین ہوبوکن سٹیشن کی عمارت میں گھس گئی اور اس حادثے میں کم از کم ایک شخص ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔
اطلاعات ہیں کہ ٹرین ٹکٹ بیریئر سے ٹکراتی ہوئی استقبالیہ تک پہنچ گئی۔
تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹرین کے ڈبوں کو اور سٹیشن کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ عمارت کی چھت کا ایک حصہ بھی ٹوٹ چکا ہے۔
عینی شاہدین نے حادثے کو ایک خوفناک منظر قرار دیا۔
حادثے کے بعد ایک بڑا ہنگامی امدادی آپریشن شروع کر دیا گیا ہے اور امدادی کارکن لوگوں کو ٹرین کے ڈبوں سے نکلنے میں مدد دے رہے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
نیو جرسی ٹرانزٹ کی ترجمان جینیفر نیلن نے صحافیوں کو بتایا کہ زخمی افراد کو لے جانے کے لیے 20 ایمبیولینسز پہنچ چکی ہیں۔
بین فیئر کلوف نامی شخص نے بی بی سی کو بتایا کہ ’میں ٹرین میں تو نہیں تھا تاہم میں حادثے کے فوراً بعد وہاں پہنچا۔ چھت سے پانی گر رہا تھا اور لوگ ٹرین کی کھڑکیوں سے باہر پھلانگ رہے تھے۔ کئی لوگوں کے سر سے خون بہہ رہا تھا۔ ‘

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ایک اور عینی شاہد مارک کارونا نے بتایا کہ سٹیشن پر خوفناک منظر تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
’میں پلیٹ فارم کے نصف تک جا چکا تھا۔ میں نے دیکھا ایک ٹرین میری طرف آ رہی ہے۔ یہ پوری رفتار میں تھی اور پھر سے عمارت میں گھس گئی۔ میں جم سا گیا۔ لوگ چیخ رہے تھے، چھت گرنے لگی، میں جانے بچانے کے لیے بھاگا۔‘







