پہلا ہدف، ایشیائی کھیل: ضیاء | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے نئے نامزد کردہ صدر قاسم ضیاء کا کہنا ہے کہ ان کا پہلا ہدف سن دو ہزار دس کے ایشیائی کھیلوں میں پاکستان کی ٹیم کو کامیاب کروانا ہے۔ سابق اولمپین قاسم ضیاء نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد اپنی پہلی پریس کانفرنس میں کہا کہ انہوں نے ایسے وقت میں یہ ذمہ داری سنبھالی ہے جب پاکستان کی ہاکی ٹیم ایشیا میں بھی چھٹے نمبر پر ہے اور اس کی پوزیشن بہتر کرنا ایک مشکل کام ہے لہذا وہ کوئی بلند بانگ دعوے نہیں کرنا چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ہاکی سے ہم آہنگ ہونے کے لیے غیر ملکی کوچ کی تقرری سمیت جو ضروری اقدامات ہیں کیے جائیں گے۔ قاسم ضیاء کے مطابق نئے اور ریٹائر ہونے والے تمام کھلاڑیوں سے رائے لی جائے گی اور سابق کھلاڑیوں پر مشتمل ایک مشاورتی بورڈ بھی بنایا جائے گا۔ قاسم ضیاء حال ہی میں پنجاب اسمبلی کے لیے فیصل آباد کی نشست سے ضمنی انتخابات میں کامیاب ہوئے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ ہاکی کی بہتری کے لیے جتنا بھی وقت دے سکے دیں گے لیکن ضرورت اس بات ہے کہ ادارے کو مضبوط بنایا جائے بہترین پالیسیاں بنائیں جائیں اور ادارے میں موجود ہر شخص کو اپنی ذمہ داری کا احساس ہو اور ہر شخص اپنا کام بہتر طریقے سے کرے۔ قاسم ضیاء نے ہاکی کی بہتری کے لیے چند تجاویز کو میڈیا کے سامنے رکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے نچلی سطح پر کام کرنا ضروری ہے اور اسے سکول کے بچوں میں مقبول بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ کی طرح ہاکی میں بھی گلیمر لانے کی کوشش کی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ہاکی دیکھنے آئیں۔ فنڈ اکٹھا کرنے کے لیے بھی کوششیں کی جائیں گی اور اس کے لیے حکومت اور نجی شعبے دونوں کو شامل کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور کو ہاکی فیڈریشن کو دینے کے لیے حکومت سے درخواست کی جائے گی۔ کھلاڑیوں کے روز گار کو یقینی کرنے اور کالجوں میں کھیل کی بناء پر داخلے کے کوٹے کو بھی بڑھوانے کو کوشش کی جائے گی۔ قاسم ضیاء نے کہا کہ وہ میر ظفر اللہ جمالی صاحب کے بطور صدر خدمات کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایچ ایف کے اکاؤنٹ میں ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد وہ فنڈ ہیں جو اس وقت مختلف زیر تعمیر ترقیاتی منصوبوں کے لیے ہیں اور صحیح معنوں میں فیڈریشن کے پاس تین کروڑ سینتیس لاکھ روپے ہیں جو ہمیں ہاکی کی ترقی کے لیے دستیاب ہیں۔ نئی سلیکشن کمیٹی اور ہاکی ٹیم کی نئی مینجمنٹ کب تک بنائی جائے گی اس ضمن میں قاسم ضیاء نے کہا کہ ابھی وہ نامزد ہوئے ہیں اور 20 اکتوبر کو جب ہاکی فیڈریشن کے اجلاس میں انہیں باقائدہ منتخب کر لیا جائے گا تو یہ اہم تقرریاں بھی کر دی جائیں گی۔ | اسی بارے میں قاسم ضیاء ہاکی فیڈریشن کے صدر15 October, 2008 | کھیل جمالی ہاکی فیڈریشن سےمستعفی13 October, 2008 | کھیل ہاکی: پاکستان چھ ایک سے ہار گیا05 October, 2008 | کھیل ہاکی:اصلاح الدین مستعفی ہوگئے05 September, 2008 | کھیل پاکستانی ہاکی ٹیم کے کوچ’مستعفی‘26 August, 2008 | کھیل جمالی مستعفی ہوجائیں: وزیرکھیل21 August, 2008 | کھیل پاکستانی ہاکی ٹیم ایک اور ناکامی15 August, 2008 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||