شعیب: ٹوئنٹی/20، شمولیت مشروط | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کینیڈا کے شہر ٹورانٹو میں ہونے والے ٹوئنٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے لئے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان پیر چھ اکتوبر کو ہونے والا ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے واضح کردیا ہے کہ فاسٹ بولر شعیب اختر کی ٹیم میں شمولیت کا انحصار لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے پر ہوگا۔ عدالت شعیب اختر کی جانب سے جرمانے کی عدم ادائیگی کے بارے میں آٹھ اکتوبر کو سماعت کرنے والی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر میڈیا منصور سہیل نے بی بی سی کو بتایا کہ سلیکٹرز معمول کے مطابق چھ اکتوبر کو پندرہ رکنی ٹیم کا انتخاب کریں گے۔ ’اور جہاں تک شعیب اختر کی ٹیم میں شمولیت کا تعلق ہے تو سلیکٹرز اگر ان کی فٹنس اور کارکردگی سے مطمئن ہوئے تو انہیں ضرور ٹیم میں شامل کریں گے۔‘ جب ان سے پوچھا گیا کہ آٹھ اکتوبر کو لاہور ہائی کورٹ نے اگر یہ فیصلہ سنایا کہ شعیب اختر جرمانہ ادا کیے بغیر ٹیم میں شامل نہیں ہوسکتے تو پھر کیا ہوگا؟ اس پر منصور سہیل کا جواب تھا کہ اس صورت میں ظاہر ہے کہ شعیب اختر کو ٹیم میں آنے کے لئے جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔ ایسا نہ کرنے کی صورت میں ان کی جگہ اعلان کردہ ریزرو کھلاڑی کو ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے شعیب اختر کو قومی ٹوئنٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کھیلنے کی اجازت دی ہے اور وہ اسلام آباد کی ٹیم میں شامل ہیں۔ دوسری جانب شعیب اختر کا معاملہ لاہور ہائی کورٹ میں زیرسماعت ہے جو اس مقدمے کا فیصلہ آٹھ اکتوبر کو سنانے والی ہے۔ شعیب اختر نے پابندی اور جرمانے کی سزا کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا جس پر عدالت نے پابندی کی سزا معطل کردی تھی تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کا موقف ہے کہ سترلاکھ روپے جرمانے کی سزا معطل نہیں کی گئی ہے۔ شعیب اختر کے مقدمے کا فیصلہ نہ آنے کے باوجود پاکستان کرکٹ بورڈ پہلے بھی شعیب اختر کو چیمپئنز ٹرافی کے لئے اعلان کردہ پندرہ رکنی اسکواڈ میں شامل کرچکا ہے۔ |
اسی بارے میں ’شعیب کھیل سکتے ہیں‘23 September, 2008 | کھیل ’ٹورنامنٹ طے پانے سے اطمینان ہوا‘ 14 September, 2008 | کھیل یونس قومی ٹوئنٹی ٹوئنٹی میں نہیں18 September, 2008 | کھیل شعیب کا کاؤنٹی کا پہلا میچ03 September, 2008 | کھیل | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||