BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Tuesday, 01 April, 2008, 11:06 GMT 16:06 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
شعیب اختر پر پانچ برس کی پابندی

شعیب اختر
شعیب اختر پر ستمبر میں بھی 13 میچوں کی پابندی لگائی گئی تھی
شعیب اختر پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر پانچ سال کی پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ لیگ اسپنر دانش کنیریا کو وارننگ دے کر چھوڑ دیا گیا ہے۔

فاسٹ بولر شعیب اختر کا کہنا ہے کہ وہ بورڈ کی جانب سے پانچ سالہ پابندی کے فیصلے سے مایوس ہوئے ہیں اور وہ اس بارے میں عدالت سے رجوع کریں گے۔

پابندی کے فیصلے کے بعد فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے شعیب اختر نے کہا کہ’ مجھے اس فیصلے سے بہت مایوسی ہوئی ہے اور میں اس کے خلاف عدالت میں جاؤں گا‘۔

شعیب اختر نے زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے ٹیم میں منتخب نہ کیے جانے، سینٹرل کنٹریکٹ نہ ملنے اور پنٹنگولر لیگ کے دوران سہولتوں کے بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ پر تنقید کی تھی جبکہ دانش کنیریا نے سینٹرل کنٹریکٹ میں سی کیٹگری دیے جانے پر شدید ردعمل ظاہر کیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئرمین ڈاکٹر نسیم اشرف نے اس فیصلے کا اعلان اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پابندی کے تحت شعیب اختر پانچ سال تک پاکستان میں یا پاکستان سے باہر ملک کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ شعیب کو اس فیصلے کے خلاف اپیل کا حق ہے اور وہ اپنے طور پر جہاں چاہیں کھیل سکتے ہیں۔

پی سی بی کے چیئرمین کے مطابق شعیب اختر کے بارے میں یہ فیصلہ افسوسناک ہے لیکن انہیں کافی مواقع دیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈسپلنری کمیٹی نے شعیب اختر پر پابندی لگانے کا مشورہ اس لیے دیا چونکہ شعیب اختر ماضی میں بھی نظم وضبط کی خلاف ورزیوں میں ملوث رہے ہیں اور انہیں پہلے ہی یہ بتایا جا چکا تھا کہ وہ اگر اب نظم وضبط کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے تو ان پر تاحیات پابندی بھی لگائی جا سکتی ہے۔

یاد رہے کہ شعیب اختر نےگزشتہ سال ستمبر میں ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل اپنے ساتھی بولر محمد آصف کو بلا مار کر زخمی کردیا تھا جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے انہیں چونتیس لاکھ روپے جرمانے اور تیرہ میچوں کی پابندی کی سزا سنائی تھی اور ساتھ ہی متنبہ بھی کیا تھا کہ اگر دوسال کے دوران وہ دوبارہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے تو ان پر تاحیات پابندی بھی عائد کی جا سکتی ہے۔

دانش کنیریا ڈسپلنری کمیٹی کے سامنے پیشی کے لیے آ رہے ہیں

دانش کنیریا کے بارے میں ڈاکٹر نسیم اشرف نے کہا کہ چونکہ یہ ان کی پہلی خلاف ورزی ہے اس لیے انہیں تحریری وارننگ دے کر چھوڑا جا رہا ہے۔

فاسٹ بولر شعیب اختر اور لیگ سپنر دانش کنیریا منگل کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی ڈسپلنری کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے تھے اور اپنے متنازعہ بیانات کی وضاحت پیش کی تھی۔ دونوں کھلاڑیوں نے پہلے ہی اپنے معافی نامے پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھجوادیئے تھے تاہم کمیٹی نے انہیں خود حاضر ہوکر وضاحت پیش کرنے کو کہا تھا۔

لیفٹننٹ جنرل( ریٹائرڈ) منیر حفیظ کی سربراہی میں قائم ڈسپلنری کمیٹی نے دونوں کھلاڑیوں کی وضاحت سننے کے بعد اپنی تجاویز پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھیجنے کا فیصلہ کیا۔ واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نےدونوں کرکٹرز کے بارے میں کسی بھی فیصلے کے لیے ڈسپلنری کمیٹی کو مکمل اختیار دے دیا تھا۔

بتیس سالہ شعیب اختر 46 ٹیسٹ اور 138 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے بالترتیب 178 اور 219 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں تاہم ان کا پورا کیریئر تنازعات میں گھرا ہوا ہے اور کبھی وہ مشکوک بولنگ ایکشن کی وجہ سے شہ سرخیوں میں رہے ہیں تو کبھی بال ٹمپرنگ اور ڈوپنگ کے قضیوں نے انہیں گھیرے میں لیے رکھا ہے۔ اس کے علاوہ فٹنس مسائل بھی سائے کی طرح شعیب اختر کے ساتھ ساتھ چلتے رہے ہیں۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد