شعیب سوا چار لاکھ ڈالر میں’نیلام‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
انڈین پریمیئر لیگ کے ٹوئنٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے لیے کرکٹروں کے نیلامی میں مہندر سنگھ دھونی سب سے مہنگے کھلاڑی ثابت ہوئے ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر آسٹریلیا کے اینڈریو سمنڈز رہے ہیں۔ بی سی سی آئی نےگزشتہ دنوں آئی پی ایل کے تحت آٹھ ٹیمیں نیلام کی تھیں۔اور آج یہ ٹیمیں اپنے اپنے کھلاڑیوں کو نیلامی کے ذریعہ خرید رہی ہيں۔ پہلے پول کی نیلامی کے نتائج کے مطابق پاکستان کے تیز گیند باز شعیب اختر کولکاتا کی ٹیم نے خریدا ہے۔ آسٹریلیا کے سپنر شین وارن کو جے پور کی ٹیم نے جبکہ سری لنکا کے متھایا مرلی دھرن اور ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کو چنئی کی ٹیم نے خریدا ہے۔ آسٹریلیا کے ایڈم گلکرسٹ حیدرآباد کی ٹیم میں گئے ہیں اور سری لنکا کے مہیلا جے وردھنے کو موہالی کی ٹیم نے خریدا ہے۔ نیلامی میں سب سے مہنگے کھلاڑی مہندر سنگھ دھونی ثابت ہوئے ہیں اور جنہیں پندرہ لاکھ ڈالر میں خریدا گيا جبکہ حیدرآباد کی ٹیم نے آسٹریلیا کے اینڈریو سمنڈز کو ساڑھے تیرہ لاکھ ڈالر میں خریدا۔شین وارن ساڑھے چار، شعیب اختر سوا چار، مہیلا جے وردھنے پونے پانچ، مرلی دھرن چھ اور ایڈم گلکرسٹ سات لاکھ ڈالر میں خریدے گئے ہيں۔
نیلامی کے دوسرے دور میں ہندوستانی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان انیل کمبلے بنگلور کی ٹیم میں گئے ہيں۔ سپنر ہربھجن سنگھ اور سری لنکا کے وکٹ کیپر کمار سنگا کارا کو ممبئی نے خریدا ہے جبکہ سری لنکا کے آل راؤنڈر سنتھ جے سوریا کو موہالی کی ٹیم نے خریدا ہے۔ انیل کمبلے کی خدمات پانچ، ہربھجن ساڑھے آٹھ، سنت جے سوریا پونے دس اور کمار سنگھ کارا سات لاکھ ڈالر میں حاصل کی گئی ہیں۔پاکستان کے بیٹسمین محمد یوسف اور آسٹریلیا کے میکگرا کو ریزرو پول میں رکھا گیا ہے جنہیں نیلامی کے آخری دور میں خریدا جائے گا۔ اس نیلامی میں ہندوستان،پاکستان، آسٹریلیا، سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے کھلاڑی شامل ہیں اور ایک اندازے کے مطابق کم سے کم ستر کروڑ امریکی ڈالر کھلاڑیوں کی خریداری پر خرچ ہوں گے۔ آئی پی ایل کی اس نیلامی میں ممبئی کے سچن تندولکر، کولکتہ کے سورو گنگولی، دہلی کے وریندر سہواگ،بنگلور کے راہول دراوڈ اور موہالی کے یوراج سنگھ کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔ انہیں’ آئیکون‘ کھلاڑیوں کے زمرے میں رکھا گیا ہے جس کے تحت انہیں سب سے زیادہ قیمت دے کر خریدے گئے کھلاڑی سے پندرہ فیصد زیادہ رقم دی جائے گی۔ کھلاڑیوں کو آٹھ زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ان میں اے ٹیم میں رکی پونٹنگ، ایڈم گلکرسٹ، میتھیو ہیڈن اور اینڈریو سائمنڈ شامل ہیں۔
نیلامی میں ممبئی، بنگلور، حیدرآباد، کولکتہ، دہلی، چینئی،موہالی اور جے پور کی فرینچائز ٹیموں کے لیے آئی پی ایل کے چیئرمین اور کمشنر للت مودی نے کچھ شرائط بھی عائد کی ہیں۔ شرط کے مطابق کھلاڑیوں کی خرید کے لیے کوئی بھی ٹیم پانچ ملین امریکی ڈالر سے زیادہ رقم خرچ نہیں کر سکتی اس پر انڈین ٹیم کے کھلاڑیوں نے اعتراض کیا تھا۔ تاہم مودی کا کہنا تھا کہ اگر یہ حد عائد نہیں کی جائے گی تو پھر مکیش امبانی اور وجے مالیا جیسے صنعت کار زیادہ رقم خرچ کر کے اول نمبر کے کھلاڑیوں کو خرید سکتے ہیں۔ آئی پی ایل کی ہر ٹیم میں کم سے کم سولہ کھلاڑی ہوں گے لیکن اس میں چار غیر ملکی کھلاڑی ، چار کھلاڑی بائیس سال سے کم عمر کے ہونا لازمی ہیں۔ہر کھلاڑی کی سالانہ فیس مقرر کی جائے گی۔بائیس سال سے کم عمر کے ہر کھلاڑی کو بیس ہزار امریکی ڈالر دیے جائیں گے۔ یہ کنٹریکٹ تین سال کے لیے ہوگا۔ نیلامی مکمل ہونے کے بعد ان ٹیموں کے درمیان اٹھارہ اپریل سے میچ شروع ہو گا۔چوالیس دنوں سے زیادہ عرصے میں 59 میچ ہوں گے۔ نیلامی میں شرکت کے لیے پاکستان کے فاسٹ بالر شعیب اختر دو روز قبل ہی ممبئی پہنچ گئے تھے اور انہوں نے اس سلسلہ میں بالی وڈ سٹار شاہ رخ سے ملاقات کی تھی۔ شاہ رخ نے کولکتہ ٹیم اور پریتی زنٹا نے موہالی ٹیم خریدی ہے۔کرکٹ کی تاریخ میں کھلاڑیوں کی اس طرح نیلامی پہلی مرتبہ ہو رہی ہے۔ |
اسی بارے میں لیگ ٹیمیں لاکھوں ڈالر میں نیلام24 January, 2008 | کھیل ’پابندی کے خلاف مقدمہ کرینگے‘25 December, 2007 | کھیل آئی سی ایل کھیلنے والوں پر پابندی25 December, 2007 | کھیل شعیب انڈین پریمئیر لیگ میں14 October, 2007 | کھیل چھ پاکستانی کرکٹر آئی پی ایل میں11 October, 2007 | کھیل لیگ: براہِ راست معاہدہ نہیں ہو گا15 September, 2007 | کھیل یوسف:انڈین لیگ سےمعاہدہ ختم27 September, 2007 | کھیل ٹوئنٹی 20 چیمپئنز لیگ کا اعلان14 September, 2007 | کھیل | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||