یوسف کی سنچری، پاکستان کی فتح | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے جانے والے چوتھے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو سات وکٹ سے شکست دے دی ہے۔ زمبابوے نے پاکستان کو یہ میچ جیتنے کے لیے دو سو پینتالیس رن کا ہدف دیا تھا جو پاکستان نے محمد یوسف اور شعیب ملک کی شاندار بیٹنگ کی بدولت سنتالیسویں اوور میں حاصل کر لیا۔ پاکستان کی جانب سے محمد یوسف نے سنچری سکور کی۔ وہ ایک سو آٹھ رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ کپتان شعیب ملک نے اٹھاسی رن کی عمدہ اننگز کھیلی۔ ان دونوں بلے بازوں کے درمیان ایک سو اکتالیس رن کی شراکت ہوئی۔ اس میچ میں گزشتہ تین میچوں کے برعکس اس میچ میں پاکستانی اوپنرر ایک اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے۔ پاکستان کو پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب ابتدائی میچوں میں نصف سنچریاں بنانے والے ناصر جمشید اٹھارہ کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔ وہ صرف گیارہ رن بنا سکے۔
ناصر کے آؤٹ ہونے کے بعد اوپنر خالد لطیف نے کپتان شعیب ملک کے ساتھ مل کر سکور کو چھیاسٹھ تک پہنچا دیا۔ اس موقع پر خالد لطیف انیس کے انفرادی سکور پر کیچ ہوگئے۔ اس کے بعد شعیب ملک اور محمد یوسف نے ٹیم کو سنبھالا دیا اور سکور 207 تک لے گئے۔اس موقع پر شعیب ملک رن آؤٹ ہو گئے اور ان کی جگہ آنے والے فواد عالم نے محمد یوسف کے ساتھ مل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروادیا۔ اس سے قبل زمبابوے کے کپتان مسکاٹزا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور زمبابوے کی پوری ٹیم انچاس اعشاریہ پانچ اوورز میں دو سو چوالیس رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ زمبابوے کی طرف سے تیبو اکاون رنز بنا کر سب سے نمایاں سکور رہے جبکہ ولیمز نے اڑتالیس رنز اور دابنگھوا نے پینتالیس رنز سکور کیے۔
پاکستان کی طرف سے کپتان شعیب ملک نے پچپن رنز دے کر تین، کامران حسین نے بتیس رنز دے کر دو اور سہیل خان، شاہد آفریدی اور فواد عالم نے ایک ایک وکٹیں حاصل کیں۔ زمبابوے کے کپتان مسکاٹزا نے میچ سے پہلے پریس کانفرنس میں بھی کہا تھا کہ وکٹ کو دیکھتے ہوئے ان کا ارادہ ہے کہ اگر وہ ٹاس جیتے تو پہلے بیٹنگ کریں گے۔ پاکستان نے چوتھے ایک روزہ میچ کے لیے ٹیم میں چار تبدیلیاں کیں۔ٹیم میں دو نئے اوپنرز کو شامل کیا گیا اور خالد لطیف نے بطور اوپنر پاکستان کی جانب سے اپنے بین الاقوامی کیرئر کا آغاز کیا۔ یونس خان کو اس میچ میں آرام دیا گیا ہے اور ان کی جگہ فواد عالم کو کھلایا گیا ہے جبکہ کامران اکمل کی جگہ وکٹ کیپنگ سرفراز احمد کر رہے ہیں۔ زمبابوے کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔ ان فٹ ہونے والے فاسٹ بالر موپروا کی جگہ کرسٹوفر موفو کو شامل کیا گیا ہے۔ |
اسی بارے میں ایک روزہ میچوں کا نیا ریکارڈ30 January, 2008 | کھیل ’دو میچ جیتیں تو ڈھیلے پڑ جاتےہیں‘29 January, 2008 | کھیل اکمل، سلمان بٹ ٹیم سے باہر28 January, 2008 | کھیل پاکستان نے ون ڈے سیریز جیت لی27 January, 2008 | کھیل آفریدی: چھکوں کا عالمی ریکارڈ 27 January, 2008 | کھیل پاکستان کی لگاتار دوسری فتح24 January, 2008 | کھیل کراچی: پہلے میچ میں پاکستان فاتح21 January, 2008 | کھیل | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||