پاکستان نے ون ڈے سیریز جیت لی | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
شاہد آفریدی کی صرف 52 گیندوں پر85 رنز کی شاندار اننگز نے ملتان میں پاکستان کی37 رنز کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اس کے ساتھ ہی پاکستان نے زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز تین صفر سے جیت لی جبکہ ابھی دو میچز باقی ہیں۔ شاہد آفریدی ایک ایسے کرکٹر ہیں جو بیٹنگ بولنگ اور فیلڈنگ ہر شعبے میں اپنی موجودگی کا بھرپور احساس دلاتے ہیں۔ کراچی کے ون ڈے انٹرنیشنل میں انہوں نے دو اہم وکٹیں حاصل کی تھیں۔ حیدرآباد کے ون ڈے میں ان کے ناقابل شکست43 رنز نے پاکستان کو مشکل صورتحال سے نکالتے ہوئے کامیابی سے ہمکنار کیا تھا اور اتوار کو ملتان میں انتہائی جارحانہ انداز میں کھیلی گئی ان کی اننگز نے پریشان حال ٹیم کو ایک اچھے اسکور تک پہنچنے کی راہ فراہم کردی۔ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم نے مقررہ پچاس اوورز میں9 وکٹوں پر272 رنز بنائے۔ ایک مرحلے پر اس کی پانچ وکٹیں صرف78 رنز پر گرچکی تھیں۔ اس صورتحال میں شاہد آفریدی کا فائر ورک ٹیم کے بہت کام آیا۔ انہوں نے کسی بھی بولر کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے اپنے مخصوص انداز میں بیٹنگ کی اور اسکور بورڈ کی رفتار کو تیز تر کر دیا۔
شاہد آفریدی کی اننگز میں دو چوکے اور چھ چھکے شامل تھے۔ آفریدی اور مصباح الحق جب بیٹنگ کر رہے تھے اس وقت پاکستانی ٹیم کے لیے تین سو تک پہنچنا ممکن دکھائی دے رہا تھا لیکن آفریدی کی وکٹ گرنے کے بعد رنز کی رفتار کم اور وکٹیں گرنے کی رفتار تیز ہوگئی۔ آفریدی اور مصباح الحق نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 116 رنز کا اضافہ کیا۔ کامران اکمل نے تیزی سے کھیلتے ہوئے28 رنز بنائے۔ یہی اسکور اپنا پہلا میچ کھیلنے والے کامران حسین کا رہا۔ بائیس سالہ فاسٹ بولر تاوندا موپاریوا نے چھیالیس رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں جو ان کے کریئر کی بہترین بولنگ بھی ہے۔ جواب میں زمبابوے کی ابتدا مایوس کن رہی پچاس رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد برینڈن ٹیلر اور شان ولیمز نے سنچری شراکت سے کچھ امید بندھائی لیکن دونوں نصف سنچریاں بنانے کے بعد آؤٹ ہوکر یہ امید بھی اپنے ساتھ لے گئے۔ زمبابوے کی ٹیم مقررہ پچاس اوورز میں سات وکٹوں پر235 رنز بناسکی۔ زمبابوے کے کپتان پراسپر اتسیا ان فٹ ہونے کے سبب نہیں کھیلے جبکہ پاکستان نے راؤ افتخار اور سمیع اللہ نیازی کی جگہ کامران حسین اور یاسرعرفات کو ٹیم میں شامل کیا۔ سیریز کا چوتھا میچ تیس جنوری کو فیصل آباد میں کھیلا جائے گا جبکہ پانچواں اور آخری میچ دو فروری کو شیخوپورہ میں ہوگا۔ |
اسی بارے میں پاکستان کی لگاتار دوسری فتح24 January, 2008 | کھیل کراچی: پہلے میچ میں پاکستان فاتح21 January, 2008 | کھیل پاکستان زمبابوے پہلا ون ڈے کل20 January, 2008 | کھیل ’سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے‘18 January, 2008 | کھیل زمبابوے کو اننگز کی شکست 17 January, 2008 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||