’فیصلہ خلاف ہوا تو اپیل کریں گے‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر اور انڈین پریمیئر لیگ ( آئی پی ایل ) کے نگراں للیت مودی نے کہا ہے کہ اگر ممبئی کی ثالثی عدالت نے پاکستانی بیٹسمین محمد یوسف کے خلاف فیصلہ دیا تو اس پر اپیل کی جائے گی اور اسے کسی منطقی انجام پر پہنچایا جائے گا۔ دوسری جانب انڈین کرکٹ لیگ ( آئی سی ایل ) اپنے اسی موقف پر قائم ہے کہ محمد یوسف کے خلاف عبوری حکم امتناعی بدستور برقرار ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ کا یہ دعوٰی درست نہیں کہ محمد یوسف کے خلاف حکم امتناعی کی کوئی حیثیت نہیں رہی۔ للیت مودی نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ محمد یوسف کو آئی پی ایل ایڈوانس رقم دے چکی ہے اور ان کا نام آئی پی ایل کی بولی میں شامل کیا جائے گا اور انہیں یقین ہے کہ انہیں کوئی نہ کوئی ضرور خریدے گا۔ اس سوال پر کہ ان کا معاملہ ثالثی عدالت میں ہے تو اس صورت میں آئی پی ایل کیا کرے گی ؟ للیت مودی نے کہا کہ’ کورٹ کا معاملہ تو چلنے دیں‘۔ مودی کے مطابق انہیں نہیں پتہ کہ اس کا فیصلہ کب تک آئے گا لیکن یہ ضرور ہے کہ اگر فیصلہ محمد یوسف کے خلاف آیا تو اس فیصلے کے خلاف اپیل کی جائے گی۔ انڈین کرکٹ لیگ ( آئی سی ایل ) کے ایگزیکٹیو وائس پریذیڈنٹ اشیش کول نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ممبئی کی ثالثی عدالت کا حکم امتناعی اس کیس کا حتمی فیصلہ آنے تک برقرار ہے۔ اس سوال پر کہ محمد یوسف کا نام آئی پی ایل کی بولی میں شامل کیا جارہا ہے تو انہوں نے کہا کہ ثالثی عدالت کا فیصلہ واضح ہے کہ محمد یوسف آئی پی ایل نہیں کھیل سکتے اور اگر ان کا نام اس کی بولی یا نیلامی میں شامل کیا جاتا ہے تو یہ توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔ اشیش کول نے ایک بار پھر یہ واضح کردیا کہ آئی سی ایل نے ممبئی کی ثالثی عدالت میں جو مقدمہ دائر کیا ہے اس کا تعلق محمد یوسف کی طرف سے رقم واپس کرنے سے نہیں بلکہ یہ سیدھا سادہ معاہدہ توڑنے کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چوری اور ڈکیتی میں رقم کی بازیابی کے باوجود کیس برقرار رہتا ہے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کی جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اس نے ثالثی عدالت میں جو درخواست دائر کی ہے اس میں کہا گیا ہے کہ ثالثی عدالت متعصب اور جانبدار ہے کہ اس نے یکطرفہ حکم امتناعی جاری کردیا جبکہ اس سلسلے میں ایک کیس لاہور ہائی کورٹ میں بھی زیر سماعت ہے۔ پریس ریلیز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ محمد یوسف کے خلاف حکم امتناعی کی کوئی اہمیت نہیں رہی ہے اور ان کا نام آئی پی ایل کے کرکٹرز کی نیلامی میں شامل کیا جائے گا۔ |
اسی بارے میں یوسف کے خلاف حکم امتناعی برقرار25 January, 2008 | کھیل یوسف کا مسئلہ طول پکڑ گیا19 December, 2007 | کھیل محمد یوسف کے خلاف حکم امتناعی17 December, 2007 | کھیل ’یوسف کیخلاف کارروائی کرینگے‘20 October, 2007 | کھیل سلیکٹرز نے پوچھا تک نہیں: یوسف02 October, 2007 | کھیل یوسف:انڈین لیگ سےمعاہدہ ختم27 September, 2007 | کھیل انضمام، یوسف انڈین لیگ میں20 August, 2007 | کھیل | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||