افغان خواتین فٹبال ٹیم پاکستان میں | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
افغانستان کی خواتین کی فٹبال ٹیم آئندہ ہفتے پاکستان کا دورہ کرنے والی ہے۔ یہ افغان خواتین فٹبالرز کا اپنے ملک سے باہر کھیلنے کا پہلا موقع ہو گا۔ مہمان ٹیم سولہ سے چوبیس اگست تک اسلام آباد میں کھیلی جانے والی تیسری قومی ویمنز فٹبال چیمپئن شپ میں حصہ لے گی۔ عام طور پر قومی چیمپئن شپ میں مقامی ٹیمیں حصہ لیتی ہیں لیکن افغانستان کی خواتین کی فٹبال ٹیم کو خصوصی طور پر اس چیمپئن شپ میں شامل کیا گیا ہے۔ پاکستان کی طرح افغانستان میں بھی خواتین کی فٹبال اپنی شناخت کرانے میں مصروف ہے۔ افغانستان کی خواتین کی فٹبال ٹیم کے مرد کوچ عبدالصبور ولی زادہ کی نگرانی میں تربیت حاصل کر رہی ہے تاہم پاکستان آنے والی بیس رکنی ٹیم کے ساتھ دو خواتین کوچ بھی ہونگی۔ عبدالصبور ولی زادہ کا کہنا ہے کہ طالبان دور میں جہاں کئی شعبوں میں خواتین کی سرگرمیاں متاثر ہوئیں وہیں کھیل بھی اس کی زد میں آئے تھے۔ ان کے مطابق اب خواتین فٹبال کو دوبارہ پذیرائی مل رہی ہے اور حکومت بھی دلچسپی لے رہی ہے، تاہم اسلامی اقدار کو پیش نظر رکھتے ہوئے افغان خواتین فٹبالر ٹراؤزر پہن کر کھیلتی ہیں البتہ سر کو اسکارف کے بجائے بیس بال کیپ سے ڈھانپتی ہیں۔ عبدالصبور ولی زادہ کو توقع ہے کہ ان کی خواتین کھلاڑی جلد اپنی پہچان کرانے میں کامیاب ہوجائیں گی کیونکہ ان میں ٹیلنٹ ہے اور ان کا کھیل بین الاقوامی معیار سے دور نہیں۔ افغانستان کے مقابلے میں پاکستانی خواتین کی فٹبال تین سال پہلے شروع ہوچکی ہے لیکن اس عرصے میں پاکستانی خواتین نے صرف ایک مرتبہ مئی 2006 میں عمان میں منعقدہ بین الاقوامی مقابلے میں حصہ لیا ہے۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن ملک میں ہرسال قومی ویمنز فٹبال چیمپئن شپ کا انعقاد کررہی ہے اور اب اس نے خواتین فٹبال کے معیار کو بلند کرنے کے لیے جرمن خاتون کوچ مونیکا اسٹاب کی خدمات حاصل کی ہیں جو فیفا کے خواتین کی ترقی سے متعلق پروگرام کے تحت اسوقت ملک کے مختلف شہروں میں کھلاڑیوں کو تربیت دینے میں مصروف ہیں۔ |
اسی بارے میں پاکستان میں جرمن خاتون فٹبال کوچ24 July, 2007 | کھیل سنوکر کی باحجاب خواتین ریفریز12 June, 2007 | کھیل کرکٹ کی دنیا میں نام کی خواہش07 June, 2007 | کھیل صالح افغانستان کی نمائندگی کریں گے28 November, 2006 | کھیل | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||