اشرف کے خلاف تحریک استحقاق | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر نسیم اشرف کے خلاف تحریک استحقاق جمع کرائی گئی ہے۔یہ تحریک سینیٹر انوربیگ نے پیش کی جو سینٹ کی سپورٹس سے متعلق سٹینڈنگ کمیٹی کے رکن ہیں۔ سینیٹر انور بیگ نے اپنی تحریک میں کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے ان کے بارے میں نامناسب ریمارکس دئے ہیں جس سے ان کا استحقاق مجروح ہوا ہے۔ واضح رہے کہ سینیٹر انوربیگ نے ایک اخباری انٹرویو میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا آئین مقررہ وقت پر نافذ نہ کرنے پر ڈاکٹر نسیم اشرف پر کڑی تنقید کرتے ہوئے انہیں نااہل اور بددیانت قرار دیا تھا جس پر ڈاکٹر نسیم اشرف نے ان کے لیے ذہنی بیمار کا لفظ استعمال کرتے ہوئے ان کےخلاف ہتک عزت کا دعوی دائر کرنے کا اعلان کیا تھا۔ سینیٹر انوربیگ نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 9 جون سے شروع ہونے والے سینیٹ کے اجلاس میں ان کی تحریک پر غور ہوگا اور پھر اسے استحقاق کمیٹی کو بھیج دیا جائے گا جو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین سے ان ریمارکس کی وضاحت طلب کرسکتی ہے۔
سینیٹر انور بیگ نے کہا کہ وہ اب بھی ڈاکٹر نسیم اشرف کے بارے میں اپنے ریمارکس پر قائم ہیں اور وہ اپنی بات کو عدالت میں بھی ثابت کردینگے۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ڈاکٹر نسیم اشرف جتنا جلد ہوسکے عدالت میں جائیں تاکہ وہ وہاں ان کی بدانتظامی کے بارے میں حقائق سامنے لاسکیں۔ سینیٹر انور بیگ نے کہا کہ وہ قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو بھی خط تحریر کررہے ہیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے گزشتہ نو سال کے اکاؤنٹس کا آڈٹ کرایا جائے تاکہ یہ معلوم ہوسکے کہ کرکٹ بورڈ کے فنڈز کا بے دریغ استعمال ہوا ہے۔دراصل پاکستان کرکٹ بورڈ کا آئین نہ ہونے کے سبب کوئی بھی جوابدہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ معاملہ عدالت میں گیا تو وہ استدعا کرینگے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے اکاؤنٹس منجمد کرکے مالی بے قاعدگیوں کی تحقیقات کی جائے۔ سینیٹر انور بیگ نے کہا کہ سٹینڈنگ کمیٹیوں کے پاس یقیناً اختیارات ہوتے ہیں لیکن ان میں حکومتی ارکان کی اکثریت ہوتی ہے۔ لہذا اس کا فائدہ ڈاکٹر نسیم اشرف نے اٹھایا ہے تاہم اب حکومتی ارکان بھی اس صورتحال سے پریشان دکھائی دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایڈہاک ازم مختصر مدت کے لیے ہوتی ہے لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ کے معاملات نو سال سے کسی آئین کے بغیر ایڈہاک بنیادوں پر چلائے جارہے ہیں۔ |
اسی بارے میں سینٹیر کے خلاف ہتکِ عزت کادعوی31 May, 2007 | کھیل میری محنت ضائع گئی: جسٹس قیوم30 March, 2007 | کھیل ڈاکٹر نسیم اشرف تنقید کی زد میں24 October, 2006 | کھیل | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||