عبدالرشید شکور بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی |  |
 | | | اصلاح الدین کو منیجر اور چیف کوچ اور منظورالحسن کو کوچ مقرر کیا ہے |
پاکستان کے سابق ہاکی اولمپئنز نے ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم کو نہ بھیجنے کے فیصلے پر شدید رد¬ِ عمل ظاہر کرتے ہوئے اسے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی غلط منصوبہ بندی قرار دیا ہے۔ ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ اس سال ستمبر میں بھارت کے شہر چنئی میں منعقد ہوگا لیکن پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری خالد محمود نے ایک اخباری انٹرویو میں کہا ہے کہ چونکہ پاکستانی ٹیم کی حالیہ کارکردگی تسلی بخش نہیں رہی ہے لہذا ٹیم منیجمنٹ کی درخواست پر ٹیم کو ایشیا کپ میں نہیں بھیجا جائے گا۔ واضح رہے کہ ورلڈ کپ اور ایشین گیمز میں ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ٹیم منیجمنٹ میں تبدیلی لاتے ہوئے اصلاح الدین کو منیجر اور چیف کوچ اور منظورالحسن کو کوچ مقرر کیا ہے جن کا کہنا ہے کہ ٹیم اس وقت تشکیل نو کے مرحلے میں ہے۔ نئی منیجمنٹ کے ساتھ اس ٹیم نے اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں چھٹی پوزیشن حاصل کی تھی۔ سابق اولمپئن قمر ابراہیم نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر ٹیم منیجمنٹ شکست سے خائف ہے تو اسے اپنی ذمہ داری چھوڑ دینی چاہیے کیونکہ ایک طرف تو وہ یہ دعویٰ کر رہی ہے کہ ٹیم تشکیل نو کے مرحلے میں ہے اگر ایسا ہے تو اسے ہر طرح کے نتائج کے لیے تیار رہنا چاہیے بصورت دیگر آپ اچھے نتائج کے حصول کے لیے پرانے کھلاڑیوں کو واپس لے آئیں۔ قمر ابراہیم نے کہا کہ اگر آپ ایشیا کپ چھوڑ رہے ہیں تو پھر آپ چیمپئنز ٹرافی بھی چھوڑ دیں۔
 | | | منظورالحسن اب ہاکی ٹیم کے کوچ ہیں |
دو اولمپکس سمیت متعدد بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے سابق رائٹ آؤٹ نے کہا کہ جب تک کھلاڑیوں کو میچز نہیں ملیں گے انہیں تجربہ کیسے ملے گا اور ان کی کمزوریاں کیسے دور ہوں گی۔ اس وقت پاکستانی ٹیم کسی منصوبہ بندی کے بغیر کھیلتی نظر آ رہی ہے۔سابق کپتان اور کوچ حنیف خان کا کہنا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن اگر تشکیل نو کی بات کررہی ہے تو موجودہ ٹیم کو ختم کر کے بالکل نئی ٹیم تیار کرے اور اسے بیجنگ نہیں بلکہ اس سے اگلے اولمپکس کے لیے تیار کرے کیونکہ موجودہ ٹیم اس قابل نہیں کہ مطلوبہ نتائج دے سکے۔ حنیف خان نے کہا کہ ایشیا کپ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ حیران کن ہے کیونکہ اس سے ٹیم کی تیاری میں کوئی مدد نہیں ملے گی۔ جب آرام کا وقت تھا اس وقت آرام نہیں کیا اب آرام یا مقابلے سے دور رہنے کا کیا جواز ہے۔ |