سری لنکا ورلڈ کپ کے فائنل میں | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
جمیکا میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں سری لنکا نے نیوزی لینڈ کو 81 رنز سے شکست دے دی ہے۔ سری لنکا کے 289 رنز کے جواب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 208 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ نیوزی لینڈ کی بیٹنگ لائن تباہ کرنے میں مرلی دھرن اور جے سوریا نے اہم کردار ادا کیا۔ دونوں نے بالاترتیب چار اور دو وکٹ حاصل کیے۔ دو وکٹ تلک رتنے دلشن کے حصے میں آئے۔ سری لنکن بولروں میں مرلی دھرن حریف ٹیم کے لیے تباہ کن ثابت ہوئے۔ انہوں نے آٹھ اوورز میں 31 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ انہوں نے اپنے تیسرے اوور میں ہی دو وکٹ لے کر نیوزی لینڈ کو صحیح معنوں میں مشکلات میں ڈال دیا۔ مرلی کا پہلا شکار اورم تھے جنہیں مرلی نے اپنی گیند پر کیچ آؤٹ کیا جبکہ دوسری وکٹ میکلم کی تھی۔ میکلم کا ایک خوبصورت کیچ سلوا نے پکڑا۔ اس کے بعد اگلے ہی اوور میں جے سوریا نے فلٹن کو آؤٹ کر دیا۔ فلٹن نے سب سے زیادہ 46 رنز بنائے۔ مرلی نے اپنی خطرناک بولنگ جاری رکھی اور اگلے اوور میں ویٹوری کو بھی ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔ مرلی کا اگلا شکار شین بانڈ تھے جو دو سکور بنانے کے بعد بولڈ ہو گئے۔ اسی طرح جے سوریا نے اپنے چھٹے اوور میں میکملن کو ایک چھکا کھانے کے بعد بولڈ کر ڈالا۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے آخری وکٹ کی شراکت میں 59 رنز بنے اور پٹیل اور فرینکلن نے سری لنکا کے تقریباً سبھی بولرز کی پٹائی کی۔ پٹیل 34 رنز بنا کر دلشن کی گیند پر آؤٹ ہوئے جبکہ فرینکلن 30 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔
نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ اس وقت گری جب ملنگا نے اپنے دوسرے ہی اوور میں نیوزی لینڈ کے کپتان سٹیفن فلیمنگ کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔ نیوزی لینڈ کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ٹیلر تھے جو نو رنز بنا کر واس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ سٹائرس اور فلٹن ایک عمدہ پارٹنرشپ کے ذریعے سکور کو 32 سے 105 پر لے گئے لیکن دلشن نے آتے ہی اپنے پہلے اوور میں سٹائرس کو آؤٹ کر دیا۔ ان کا کیچ جے وردھنے نے لیا۔ سٹائرس نے تین چھکوں کی مدد سے 37 رنز بنائے۔ سری لنکا کی طرف سے سب سے بری بولنگ فرنینڈو نے کی۔ انہیں پانچ اوورز میں نو رنز فی اوور کی اوسط سے 45 رنز پڑے۔ انہوں نے پانچ نو بال اور ایک وائڈ بھی کی۔ اس سے قبل اگرچہ سری لنکا کی تین وکٹیں جلدی گر گئی تھیں لیکن پھر بھی جے وردھنے نے ایک خوبصورت اور ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے 109 گیندوں پر 115 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ انہوں نے پہلے تھارنگا کے ساتھ ایک اچھی پارٹنرشپ بنائی اور ان کے آؤٹ ہونے کے بعد دلشن کے ساتھ سکور کو 233 تک پہنچا دیا۔ اس سکور پر ایمپائر نے دلشن کو ایل بی ڈبلیو آّّؤٹ دے دیا۔ دلشن نے 27 گیندوں پر 30 رنز بنائے۔ اس سے پہلے سلوا کا ایل بھی ڈبلیو متنازعہ تھا۔ سنتھ جے سوریا اننگز کے تیسرے ہی اوور میں آؤٹ ہو گئے جبکہ کمارا سنگاکارا چودھویں اوور میں آؤٹ ہوئے اور اپل تھارنگا چوہتر گیندوں پر تہتر رنز بنانے کے بعد ویٹوری کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ سری لنکا کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی سلوا تھے جو شین بانڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ پہلی دونوں وکٹیں نیوزی لینڈ کے تیز بولر فرینکلن نے حاصل کیں اور بانڈ، اورم اور ویٹوری کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
سری لنکا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس سے پہلے دونوں ٹیمیوں میں سے کوئی بھی ایسی ٹیم نہیں جو سبینا پارک میں ورلڈ کپ کے دوران کوئی میچ کھیلی ہو۔ اس طرح دونوں ٹیموں کے لیے یہ گراؤنڈ نئی تھی۔ سری لنکا کے کپتان مہیلا جے وردھنے نے میچ سے پہلے کہا تھا کہ ’دنیا کے دوسرے کرکٹرز کی طرح ہمارے بلے باز بھی باؤنسی وکٹ پر کھیلنا پسند کرتے ہیں۔ اور ہمارے پاس اس طرح کے حالات کی مناسبت سے کافی اچھا بولنگ اٹیک ہے۔‘ تاہم انہوں نے اعتراف کیا تھا کہ سیمی فائنل ایک بڑا میچ ہے۔ ’جب ہم سری لنکا سے نکلے تھے تو یہ ہمارا ٹارگٹ تھا اور اس کے بعد اس سے آگے۔‘ اب سری لنکا کا مقابلہ سنیچر کے روز کھیلے جانے والے فائنل میں آسٹریلیا یا جنوبی افریقہ سے ہوگا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم: سٹیفن فلیمنگ، پی فلٹن، آر ٹیلر، ایس سٹائرس، کریگ میکملن، جیکب اورم، بی میکلم، ڈینیئل ویٹوری، جے فرینکلن، شین بانڈ، جیتن پٹیل۔ سری لنکا کی ٹیم: مہیلا جے وردھنے، سنتھ جے سوریا، اپل تھارنگا، کمارا سنگاکارا، سی سیلوا، ٹی دلشن، رسل آرنلڈ، چمندا واس، فرویز مہاروف، لیستھ ملنگا، میتھویا مرلی دھرن، ڈی فرنینڈو۔ |
اسی بارے میں نیوزی لینڈ کی سب سے بڑی شکست20 April, 2007 | کھیل انگلینڈ کی سنسنی خیز فتح21 April, 2007 | کھیل ریکارڈ ساز، سحر انگیز برائن لارا20 April, 2007 | کھیل لارا ٹیسٹ کرکٹ سے بھی ریٹائر19 April, 2007 | کھیل سری لنکا، 10 اوورز میں میچ ختم18 April, 2007 | کھیل آسٹریلیا ’مِنی فائنل‘ جیت گیا16 April, 2007 | کھیل | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||