BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Saturday, 17 June, 2006, 06:20 GMT 11:20 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
لیاری: بیکہم کی شرٹ، برازیل کے جھنڈے

لیاری کے لوگوں کی اکثریت برازیلی فٹبال ٹیم کی دیوانی ہے
بے روزگاری، منشیات اور دیگر بنیادی مسائل سے دوچار ہونے کے باوجود لیاری کا اپنا ایک منفرد انداز ہے۔

سیاست کی گہماگہمی میں لیاری جیئے بھٹو اور جیئے بے نظیر کے سیاسی گانوں سے گونجنے لگتا ہے اور جب فٹبال کا عالمی میلہ سجتا ہے تو یہ علاقہ اس کے خوبصورت رنگوں میں رنگ جاتا ہے۔

فٹبال لیاری کے لوگوں میں رچا بسا ہے۔ عصرحاضر کی مشہور ٹیموں اور سٹار کھلاڑیوں کے بارے میں ان لوگوں کی معلومات دوسروں کو حیران کردیتی ہیں۔

لیاری میں داخل ہوں تو نوعمر لڑکے ٹوٹی پھوٹی سڑکوں پر بے ترتیب ٹریفک سے بے خوف وخطر ٹائرشوز سے سکیٹنگ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ ان لڑکوں کی شرٹس پر بیکہم، رونی اور رونالڈو کے نام دور سے پڑھے جاسکتے ہیں۔

یہ بات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں کہ لیاری کے لوگوں کی اکثریت برازیل کی فٹبال ٹیم کی دیوانی ہے لیکن والہانہ محبت کا یہ انداز پہلی مرتبہ سامنے آیا ہے کہ گھروں کی چھتوں پر برازیل کے پرچم لہرارہے ہیں۔

دکانوں پر کولڈ ڈرنکس سپلائی کرنے والے محمد سلیم نے اپنی ہاتھ گاڑی پر برازیلی جھنڈا لگانے کی سادہ سی وجہ یہ بتائی کہ یہ برازیلی ٹیم سے محبت کا انداز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیمیں تو بتیس ہیں لیکن وہ ورلڈ کپ میں برازیل کو فاتح دیکھنا چاہتے ہیں۔

سیفی سپورٹس کی تاریخ نصف صدی پر محیط ہے۔ اس فٹبال کلب نے پاکستان کو غفور سمیت کئی انٹرنیشنل فٹبالرز دیئے۔ سیاہ پیلے کے نام سے مشہور غفور کی یادگار تصاویر آج بھی کلب کے دفتر میں آویزاں ہیں۔ غفور کے دن بہت تکلیف میں گزر رہے ہیں۔ بینائی ساتھ چھوڑتی جارہی ہے اور بیٹے کے جیل میں ہونے نے ان کی کمر ہی توڑ دی ہے۔

میچ شروع ہوتے ہی سیفی سپورٹس میں لوگ ٹی وی سیٹ کے سامنے جمع ہوجاتے ہیں اور اپنے مخصوص انداز میں دلچسپ تبصروں کے ساتھ میچ سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ ان میں13 سالہ گل داد بھی ہے جس نے اسلام آباد میں منعقدہ انڈر14 فٹبال انٹرنیشنل فیسٹیول میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے اس کے والد فیض محمد بھی انٹرنیشنل فٹبالر تھے۔ گل داد اچھا فٹبالر بنناچاہتا ہے اسے ڈیوڈ بیکہم پسند ہے۔

لیاری
سیفی فٹبال کلب نے پاکستان کو غفور سمیت کئی انٹرنیشنل فٹبالرز دیئے

کلب میں میچ دیکھنے والے تمام ہی لوگ برازیل کے پرستار ہیں۔ان میں سے ایک کا کہنا تھا کہ اس مرتبہ برازیلی ٹیم کو اچھے گول کیپر کا بھی فائدہ حاصل ہے کیونکہ ماضی میں کمزور گول کیپنگ کی وجہ سے وہ حریف ٹیموں سے گول کھاتی تھی۔

ایک اور پرستار نے جذباتی لہجے میں کہا کہ وہ فٹبال کے لئے ہی پیدا ہوا ہے۔ اسے برازیلی ٹیم کو کھیلتا دیکھ کر جتنی خوشی ہوتی ہے اتنا ہی دکھ اس بات پر ہوتا ہے کہ پاکستان عالمی فٹبال میں بہت پیچھے ہے۔

ان تمام کی گفتگو سے یہ اندازہ ہوا جیسے رونالڈو اور رونالڈینو لیاری والوں کے دل میں رہتے ہیں۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن کے سابق سیکریٹری اور اپنے زمانے کے مشہور انٹرنیشنل فٹبالر غلام عباس بلوچ کاتعلق بھی سیفی سپورٹس سے ہے۔ لیاری کے لوگوں کی برازیلی ٹیم کو پسند کرنے کی وجہ جب ان سے پوچھی تو انہوں نے کہا کہ اس کی تین وجوہات ہیں۔ پہلی یہ کہ برازیل نے سب سے زیادہ پانچ مرتبہ ورلڈ کپ جیتا ہے۔ دوسری یہ کہ اس کے کھلاڑی بہت مشہور ہیں اور تیسری وجہ یہ ہے کہ ان کھلاڑیوں کی جسمانی ساخت اور حلیہ لیاری والوں سے بہت ملتا جلتا ہے اسی لئے وہ یہاں بھی بہت مقبول ہیں۔

جرمنی میں عالمی اعزاز کا دفاع کرنے میں مصروف کافو اور ان کے کھلاڑیوں کو یہ تو اچھی طرح پتہ ہے کہ وہ اپنے لاکھوں چاہنے والوں کو ریوڈی جنیرو میں چھوڑ آئے ہیں لیکن انہیں اس بات کا بھی بخوبی اندازہ ہے کہ بلیک ڈائمنڈ کے قدر دان دنیا بھر میں پھیلے ہوئے ہیں اور اس محبت میں لیاری کسی سے پیچھے نہیں ہے۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد