سری لنکا سوریا اور واس کے بغیر | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیمیں جمعہ کو کولمبو کےگرم موسم میں مدمقابل ہورہی ہیں لیکن پریماداسا کرکٹ سٹیڈیم میں ہونے والے اس پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں میزبان ٹیم اپنے دو اہم کھلاڑیوں سنتھ جے سوریا اور چمندا واس کی خدمات سے محروم ہے۔ جے سوریا پیر کا پٹھّا کھنچنے کی وجہ سے میدان میں نہیں اترسکیں گے جبکہ واس کی کمر میں تکلیف کی شکایت ہے۔ سری لنکن ٹیم کے ان فٹ ہوجانے والے تیسرے کھلاڑی روچیرا پریرا ہیں جو ہمسٹرنگ کا شکار ہوگئے ہیں۔ ان تینوں کی جگہ پندرہ رکنی سکواڈ میں جیہان مبارک۔ لستھ ملنگا اور دھمیکا پرساد کو شامل کیا جارہا ہے۔ جے سوریا اور واس کے نہ ہونے سے سری لنکن کیمپ میں مایوسی دکھائی دیتی ہے لیکن پاکستانی کپتان انضمام الحق کا یہ کہنا ہے کہ آج کل کی کرکٹ میں ایک دو کھلاڑیوں کے نہ ہونے سے زیادہ فرق نہیں پڑتا۔ انضمام الحق کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کے دورے میں بھی سری لنکا کے چند بڑے نام غائب تھے لیکن ان کی ٹیم وہاں بھی جیتی۔ پاکستانی کپتان کو البتہ کولمبو کے مرطوب موسم نے پریشان کررکھا ہے۔ جمعرات کو پریماداسا سٹیڈیم میں ٹیم کی پریکٹس کے موقع پر بی بی سی سے بات کرتے ہوئے انضمام الحق کا کہنا تھا کہ اس شدید گرمی میں فاسٹ بولرز کے لیے مشکلات ہونگی۔ ان کا کہنا تھا کہ تیز بولرز کو چھوٹے چھوٹے سپیل میں استعمال کیا جائے گا۔ انضمام الحق کے مطابق اس گرم موسم میں پہلے فیلڈنگ بہت مشکل رہے گی۔ پاکستانی ٹیم کی تیاری اور ممکنہ کمبی نیشن کے بارے میں انضمام الحق کا کہنا تھا کہ سری لنکا میں وکٹیں روایتی انداز کی ہوتی ہیں جو شروع میں گیلی ہوتی ہیں جن پر تیز بولرز کو چند اوورز تک مدد ملتی ہے لیکن بعد میں اسپنرز کو فائدہ ہوتا ہے۔ اس صورت میں انضمام الحق شعیب ملک اور شاہد آفریدی کے ساتھ ایک ریگولر اسپنر کو کھلانے کے بارے میں بھی سوچ رہے ہیں۔
انضمام الحق اس تاثر لو درست قرار نہیں دیتے کہ اوپننگ کا شعبہ تجربات کا شکار ہے ان کا کہنا تھا کہ کامران اکمل نے انگلینڈ کے خِلاف شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا بھارت کے خلاف ون ڈے سیریز میں چند خراب اننگز کا مطلب یہ نہیں کہ انہیں نظرانداز کردیا جائے۔ انضمام الحق سری لنکن جادوگر مرلی دھرن کو احتیاط سے کھیلنے کی بات کرتے ہیں ان کا کہنا تھا کہ مرلی کو پاکستانی ٹیم پہلے بھی کھیل چکی ہے لہذا کوئی خوف نہیں ہے البتہ انہیں اعتماد سے کھیلنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والی ون ڈے سیریز کے لیے آئی سی سی امپائر کے طور پر آسٹریلیا کے سٹیو ڈیوس کی تقرری ہوئی ہے جبکہ کولمبو میں ہونےوالے پہلے ٹیسٹ میں سٹیو ڈیوس اور جنوبی افریقہ کے روڈی کرٹزن امپائرنگ کرینگے۔ کینڈی میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے ڈیرل ہارپر اپنے ہموطن ڈیرل ہیئر کے ساتھ میدان میں اترینگے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ڈیرل ہئیر پہلی مرتبہ سری لنکا میں ہونے والے کسی ٹیسٹ میں امپائر مقرر کیے گئے ہیں۔ ڈیرل ہیئر کبھی بھی سری لنکا کی ٹیم کے لیے قابل قبول اور مقبول نہیں رہے ہیں۔1995 میں ہیئر نے ہی مرلی دھرن کے بولنگ ایکشن پر اعتراض کرتے ہوئے کال کی تھی۔ اب وہ مرلی ہی کے شہر کینڈی میں ان کے پرستاروں کے سامنے امپائرنگ کر رہے ہونگے۔ | اسی بارے میں سری لنکا: اٹاپٹو کی ٹیم میں واپسی14 March, 2006 | کھیل دورہ سری لنکا: ٹیم کا اعلان متوقع 09 March, 2006 | کھیل سری لنکا سیریز ’سپر سب‘ کے بغیر06 March, 2006 | کھیل پاکستانی ٹیم کا دورۂ سری لنکا22 February, 2006 | کھیل آسٹریلیا نےسری لنکا کوہرا دیا26 January, 2006 | کھیل سری لنکا نے میچ جیت لیا08 January, 2006 | کھیل پاکستان کا دورہ سری لنکا طے26 December, 2005 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||