دورہ سری لنکا: ٹیم کا اعلان متوقع | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کا دورۂ سری لنکا کی ون ڈے سیریز کے لیے پاکستان کی سترہ رکنی ٹیم کا حتمی اعلان جمعہ کو متوقع ہے۔ ٹیم میں دو نئے چہرے شامل کیے جا رہے ہیں یہ دونوں سپنرز ہیں۔ کراچی سے تعلق رکھنے والے دائیں ہاتھ سے آف سپن بالرطاہر خان اور سیالکوٹ کے بائیں ہاتھ سے آف سپن بالرعبدالرحمن کو پہلی مرتبہ پاکستان کے سکواڈ میں شامل کیا جا رہا ہے جبکہ فاسٹ بالر محمد سمیع اور ارشد خان ون ڈے کی ٹیم کے لیے سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ چیف سلیکٹر وسیم باری کا کہنا ہے کہ’ہم نے ان دونوں نوجوان کھلاڑیوں کا انتخاب ورلڈ کپ کی تیاری کو مد نظر رکھ کر کیا ہے۔ یہ دونوں فرسٹ کلاس کرکٹ میں تو اچھی کارکردگی دکھا رہے تھے تاہم ان کو سری لنکا بھجوانے کا فیصلہ انہیں تجربہ دلانے کے لیے کیا گیا ہے‘۔ چیف سلیکٹر نے کہا کہ ٹیم کوچ باب وولمر اور کپتان کے مشورے سے بنائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کپتان انضمام کے مشورے کو اہمیت دیتےہیں کیونکہ میدان میں تو ٹیم انہوں نے ہی کھلانی ہوتی ہے۔ وسیم باری نے کہا کہ سوائے بھارت کے خلاف ون ڈے میچوں کے ٹیم نے گزشتہ سال بہت اچھی کارکردگی دکھائی ہے اس لیے ہم نے ٹیم میں زیادہ تبدیلیاں نہیں کیں تاکہ ٹیم کا توازن متاثر نہ ہو ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم کافی متوازن ہے اور امید ہے کہ سری لنکا میں بہتر کارکردگی دکھائے گی۔ وسیم باری نے کہا کہ ہماری ٹیم کی فیلڈنگ کمزور ہے اور ون ڈے میں فیلڈنگ اتنی ہی اہم ہوتی ہے جتنی کہ بالنگ یا بیٹنگ اس لیے ٹیم کو جیتنے کے لیے فیلڈنگ پر بہت توجہ دینی ہو گی ۔ محمد سمیع کے ٹیم میں نہ ہونے کی بابت سلیکٹر اہتشام الدین کا کہنا تھا کہ جو فاسٹ بالر اتنے بین الاقوامی میچ کھیل کر بھی صحیح لائن سے بالنگ نہ کروا سکے اس کی ٹیم میں جگہ نہیں بنتی۔ متوقع ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہو گی: انضمام الحق (کپتان)، یونس خان (نائب کپتان)، محمدیوسف، عبدالرزاق، شاہد آفریدی، کامران اکمل (وکٹ کیپر)، سلمان بٹ، شعیب ملک، عمران فرحت، فیصل اقبال،محمد آصف، عمر گل، رانا نوید الحسن، دانش کنیریا، راؤ افتخار، طاہر خان اور عبدالرحمن۔ | اسی بارے میں ثقلین پاکستانی ہاکی ٹیم کے نئے کپتان08 May, 2005 | کھیل شعیب کی ٹیم میں شمولیت مشکوک01 May, 2005 | کھیل عمران فرحت کی ٹیم میں واپسی09 January, 2006 | کھیل ٹیم کا اعلان، آفریدی شامل نہیں14 February, 2006 | کھیل ’ٹیم کو پریشر میں کھیلنا آگیا‘ 10 February, 2006 | کھیل ون ڈے ٹیم کا اعلان کردیا گیا02 February, 2006 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||