کھلاڑی بھی امدادی مہم میں آگے | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہر درمند انسان کا دل اپنے ارد گرد کی جذباتی صورتحال کو شدت سے محسوس کرتا ہے۔ پاکستانی کھلاڑیوں کے سینے بھی درمند انسان کا دل دھڑکتا ہے پھر بھلا وہ اس آفت کی گھڑی میں خود کو کیسے لاتعلق رکھ سکتے ہیں جس کا اس وقت پاکستانی قوم کو سامنا ہے۔ جمعرات کی دوپہر روزے کی حالت میں اسکواش لیجنڈ جہانگیرخان، ہاکی کے نامور کھلاڑی اصلاح الدین، سمیع اللہ ، حسن سردار، جاوید میانداد، شاہد آفریدی، معین خان، دانش کنیریا اور صلاح الدین صلو نے زلزلے سے متاثرہ افراد کے لیے امداد اکٹھی کرنے کا فیصلہ کیا اور کراچی کے مصروف علاقے صدر کی الیکٹرانکس مارکیٹ کا رخ کیا تو انہیں محبت بھر ے جذبات کے ساتھ ساتھ نقدی کی شکل میں بھی بہت کچھ ملا ۔ اصلاح الدین نے مہم کی ابتداء اپنی جانب سے دس ہزار روپے عطیہ کےتھیلے میں ڈال کر کی جس کا مثبت جواب الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر وحید میمن نے ایک لاکھ روپے کی شکل میں دیا۔ اس مختصر تقریب کے بعد یہ تمام کھلاڑی الیکٹرانکس مارکیٹ کی ایک ایک دکان میں گئے جہاں انہوں نے عطیات وصول کیے۔ اس موقع پر معین خان کا جذبہ دیکھنے سے تعلق رکھتا تھا جب کسی دکاندار نے ان کی توقعات سے کم پیسے دینے چاہے تو معین خان کی مخصوص انداز آواز بلند ہوتی جس کے بعد عطیہ کی رقم میں اضافہ ہوجاتا۔ اصلاح الدین کا کہنا تھا کہ یہ کارخیر ہے جس میں جتنی بھی زیادہ مدد کی جائے کم ہے اس کا اجر اللہ دے گا۔ جہانگیرخان، سمیع اللہ، شاہد آفریدی اور صلاح الدین صلو کا کہنا تھا کہ اس قوم نے انہیں بہت کچھ دیا ہے اب کھلاڑیوں کا فرض بنتا ہے کہ وہ اس مشکل گھڑی میں اپنا کردار ادا کریں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||