جوہری تنصیبات محفوظ ہیں | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل شوکت سلطان کا کہنا ہے کہ زلزلے سے پاکستان کی حساس جوہری تنصیبات کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے اور نہ ہی پاکستانی فوج کے بنکر متاثر ہوئے ہیں۔ بی بی سی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسی خبریں وہی پھیلاتے ہیں جو فوجی بنکروں اور حساس جوہری تنصیبات سے متعلق معلومات نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ حساس جوہری تنصیبات کو تو فضائی حملے سے بھی محفوظ بنایا جاتا ہے تو زلزلے سے ان تنصیبات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بالکل بے بنیاد ہے۔ فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ فوجی بنکر کیونکہ بھاری گولہ باری سے بھی تباہ نہیں ہوتے لہذا یہ کہنا بے بنیاد ہے کہ اس زلزلے سے پاکستانی فوج کے بنکر تباہ ہوئے ہیں۔ شوکت سلطان نے بھارتی فوجیوں کے لائن آف کنٹرول پار آنے کی بھی تردید کی۔ اس سے پہلے کی اطلاعات میں کہا گیا تھا کہ بھارتی فوجیوں نے لائن آف کنٹرول پار کر کے پاکستانی فوجیوں کو زلزلے سے متاثر ہونے والے مورچوں کی مرمت کرنے میں مدد دی اور واپس چلے گئے۔ اطلاعات کے مطابق بھارتی فوجی امن سیتھو کے قریب لائن آف کنٹرول پار کر کے آئے تھے۔ اس بات کا انکشاف بھارتی فوج کی 15 کور کے کرنل ہیمنت جنیجہ نے کیا تھا کہ پاکستان کی فوج نے علاقے میں برف باری کے اطلاعات کے بعد بھارتی افواج سے مورچے بنانے میں مدد دینے کی درخواست کی تھی۔ امن سیتھو پاکستان اور بھارت کے زیر انتظام کشمیر کو آپس میں ملاتا ہے اور حال میں چلنے والی بس سروس بھی امن سیتھو کے علاقے سے گزرتی ہے۔ میجر جنرل شوکت سلطان کے مطابق چار سو سےزائدجوپاکستانی فوجی زلزلے میں ہلاک ہوئے ہیں وہ فوجی بنکروں یا جنگی پوزیشن پر نہیں بلکہ اپنے گھروں میں ہلاک ہوئے ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||