شاہد زمان کی ہار اور دستبرداری | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے شاہد زمان نے انگلش اوپن اسکواش کے پہلے ہی راؤنڈ میں ایک کوالیفائر کھلاڑی کے ہاتھوں شکست کے بعد بدھ سے اسلام آباد میں شروع ہونے والی چیف آف دی ائراسٹاف اسکواش چیمپئن شپ میں طبی بنیاد پر حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پچیس ہزار ڈالرز مالیت کی چیف آف دی ائراسٹاف اسکواش چیمپئن شپ کا کوالیفائنگ مرحلہ ہفتے سے شروع ہوچکا ہے جبکہ فائنل راؤنڈ کا آغاز بدھ سے ہوگا۔ شاہد زمان جو اسوقت عالمی رینکنگ میں 14 ویں نمبر پر تھے انہیں شیفیلڈ میں ہونے والی انگلش اوپن کے پہلے ہی راؤنڈ میں کوالیفائر کھلاڑی پیٹر بارکر کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا جن کی عالمی رینکنگ 29 ہے۔ پاکستان کے منصورزمان بھی پہلے راؤنڈ میں جان وائٹ سے ہارگئے تھے۔ پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سکریٹری ونگ کمانڈر ذوالفقار احمد نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شاہد زمان کا اپنے سے نیچے کی رینکنگ کے کھلاڑی سے ہارنا مایوس کن ہے۔ گزشتہ ماہ کراچی میں کھیلی گئی پاکستان اوپن میں بھی شاہد زمان اور منصور زمان کی کارکردگی مایوس کن رہی تھی۔ شاہد زمان کو دوسرے راؤنڈ میں تھیری لنکو نے ہرادیا تھا جبکہ منصور زمان پہلے ہی میچ میں فرانس کے گریگوری گالٹیئر سے شکست کھاگئے تھے۔ شاہد زمان کے دستبردار ہونے کے نتیجے میں پاکستان اسکواش فیڈریشن کو چیف آف دی ائراسٹاف چیمپئن شپ کا ازسرنو ڈراز تیار کرنا پڑا ہے جس میں اب ملائشیا کے اونگ بینگ ہی ٹاپ سیڈ ہونگے وہ گزشتہ سال اس چیمپئن شپ کے فائنل میں ہموطن ازلان اسکندر سے ہارے تھے۔ شاہد زمان کے نہ کھیلنے سے خالی ہونے والی جگہ ارشد اقبال برکی سے پر کی گئی ہے جبکہ سفیراللہ خان پہلے ہی وائلڈ کارڈ انٹری کے نتیجے میں براہ راست چیمپئن شپ میں حصہ لیں گے۔ چیمپئن شپ میں شریک غیرملکی کھلاڑیوں میں اونگ بینگ ہی کے علاوہ ایڈرین گرانٹ محمد عباس اور جوناتھن کیمپ قابل ذکر ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||