’اوپن اسکواش کو خطرہ نہیں‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان اسکواش فیڈریشن کا کہنا ہے کہ شہر میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے باوجود پاکستان اوپن اسکواش چیمپئن شپ کراچی ہی میں منعقد ہوگی اور اس کے انعقاد کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے۔ پاکستان اوپن 24 سے 29 جولائی تک کراچی میں منعقد ہونے والی ہے لیکن پاکستان اسکواش فیڈریشن شہر میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات سے قطعاً پریشان نہیں ہے۔ فیڈریشن کے سینئر نائب صدر ائرمارشل راشد کلیم نے بی بی سی کو بتایا کہ اس اہم بین الاقوامی ایونٹ کے لیے کراچی کا انتخاب سوچ سمجھ کر کیا گیا ہے اور اسے ہرحال میں کراچی میں ہی منعقد کیا جائے گا۔ ائرمارشل راشد کلیم کا کہنا ہے کہ سات سال کے عرصے کے بعد کراچی میں ہونے والے اس اہم بین الاقوامی ایونٹ کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اسکواش کی عالمی تنظیم نے بھی کراچی میں پاکستان اوپن کے انعقاد کے بارے میں کوئی تشویش ظاہر نہیں کی ہے کیونکہ اسے غیرملکی کھلاڑیوں کو فراہم کی جانے والی سکیورٹی کا بخوبی علم ہے۔ کراچی میں پاکستان اوپن کے انعقاد کے بارے میں پاکستان اسکواش فیڈریشن کا یہ موقف ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کراچی میں ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لئے تیار نہیں اور پاکستان کرکٹ بورڈ پر یہ دباؤ بڑھ رہا ہے کہ وہ انگلینڈ کو کراچی میں کھیلنے پر رضامند کرے۔ پاکستان اوپن میں شرکت کی ابتدائی تصدیق کرنے والے کھلاڑیوں میں عالمی نمبر ایک فرانس تھیری لنکو اور عالمی نمبر دو انگلینڈ کے پیٹر نکل شامل نہیں ان دو کے سوا تمام ہی صف اول کے کھلاڑی ایکشن میں نظرآئیں گے۔ انگلینڈ کے جیمز ولسٹروپ اعزاز کا دفاع کرینگے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||