BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Monday, 16 August, 2004, 19:52 GMT 00:52 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
ورلڈجونیئراسکواش چیمپئن شپ

News image
اسکواش کی جونیئر عالمی چیمپئن شپ منگل سے اسلام آباد میں شروع ہورہی ہے جو 28 اگست تک جاری رہے گی۔

اہم بات یہ ہے کہ پاکستان میں عالمی جونیئر اسکواش مقابلوں کا انعقاد پہلی بار ہورہا ہے۔

یہ میچز پاکستان اسپورٹس بورڈ میں تعمیر کئے گئے خوبصورت مصحف علی میر سکواش کمپلیکس میں کھیلے جائیں گے۔

ائرچیف مارشل مصحف علی میر پاکستان اسکواش فیڈریشن کے صدر تھے جو فروری 2003 میں کوہاٹ میں فضائی حادثے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔ پاکستان اسکواش کی ترقی میں انہوں نے اہم کردار ادا کیا تھا۔ان کی گرانقدر خدمات کے اعتراف میں یہ اسکواش کمپلیکس ان کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔

پاکستان کے لئے یہ مقابلے دوہری اہمیت کے حامل ہیں کیونکہ میزبانی کے ساتھ ساتھ وہ اس عالمی مقابلے کا دفاعی چیمپئن بھی ہے۔

پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں نے دسمبر2002 میں بھارت کے شہر چنئی میں انگلینڈ کو شکست دے کر عالمی جونیئر ٹیم ٹائٹل جیتا تھا۔

پاکستان کی یہ کامیابی اس اعتبار سے یادگار تھی کہ اس نے20 سال کے طویل انتظار کے بعد عالمی اعزاز اپنے نام کیا تھا۔

اس فاتح ٹیم کے کوچ رحمت خان تھے جن کی نگرانی میں پاکستانی نوجوان کھلاڑیوں نے برٹس اوپن جونیئر میں بھی شاندار نتائج دیئے اور سفیرخان نے انفرادی اعزاز جیتا۔

پاکستان نے منگل سے شروع ہونے والی عالمی جونیئر چیمپئن شپ کے ٹیم ایونٹ کے لئے خالد اطلس، یاسربٹ، فرحان محبوب اور باسط اشفاق پر مشتمل چار رکنی ٹیم منتخب کی ہے۔

جبکہ انفرادی مقابلوں میں ان چار کے علاوہ مزید چار کھلاڑی عاقب حنیف، عامر اطلس اور شاہنواز بھی حصہ لیں گے۔

خالداطلس چنئی میں عالمی اعزاز جیتنے والی پاکستان ٹیم میں بھی شامل تھے۔ بھارت کے سورو گھوسل انفرادی ایونٹ کے ٹاپ سیڈ ہیں، انہوں نے اس سال جنوری میں برٹش اوپن جونیئر اسکواش چیمپئن شپ جیتی ہے اور جونیئر عالمی رینکنگ میں بھی وہ پہلے نمبر پر ہیں۔

پاکستان کے خالد اطلس سیڈنگ میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ورلڈ اسکواش فیڈریشن نے کھلاڑیوں کی سیڈنگ ترتیب کرتے وقت کھلاڑیوں کی عالمی رینکنگ کو ذہن میں نہیں رکھا ورنہ پاکستان کے فرحان محبوب سیڈنگ میں پہلے نمبر پر ہوتے جن کی عالمی رینکنگ 72 ہے۔

جبکہ پاکستان کے خالد اطلس 92 اور سوروگھوسل عالمی رینکنگ میں 108 ویں نمبر پر ہیں۔

ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ کا آغاز 1980 میں ہوا تھا۔ پاکستان نے دو مرتبہ ٹیم ایونٹ 1982 اور 2000 میں جیتا ہے۔

پاکستان کے صرف دو کھلاڑیوں کو ورلڈ جونیئر اسکواش کا انفرادی ایونٹ جیتنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔

1982میں سہیل قیصر نے سنگاپور میں آَسٹریلوی کرس ڈٹمار کو شکست دی اور1986 میں برسبین میں کھیلے گئے فائنل میں جان شیرخان آسٹریلیا کے راڈنی آئلز کو ہراکر فاتح بنے۔

جان شیرخان دنیا کے واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے اسکواش کی سینئر اور جونیئرعالمی چیمپئن شپ جیتی ہے۔ انہیں سب سے زیادہ 8 مرتبہ ورلڈ اوپن جیتنے کا منفرد اعزاز حاصل ہے۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد