3 پاکستانی کھلاڑی سیمی فائنل میں | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
تیرہویں ورلڈ جونیئراسکواش چیمپئن شپ میں پاکستان کے خالد اطلس عامراطلس اور یاسربٹ سیمی فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔ پاکستان کے پاس اٹھارہ سال کے بعد ورلڈ جونیئر ٹائٹل جیتنے کا سنہری موقع ہے تاہم سیمی فائنل میں ہی اسے یقینی کرلینے کا چانس اس نے اسطرح گنوادیا کہ مصر کے رامی آشور نے پاکستان کے فرحان محبوب کو شکست دیدی ورنہ سیمی فائنل میں پہنچنے والے چاروں کھلاڑی پاکستانی ہوتے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ٹائٹل سے مصری کھلاڑی کو دور کرنے کی ذمہ داری اب عامر اطلس پر عائد ہوگئی ہے جو سیمی فائنل میں آشور سے مقابلہ کرینگے۔ چودہ سالہ عامراطلس ٹرائلز میں اچھی کارکردگی نہ دکھانے کے سبب چیمپئن شپ میں حصہ لینے والے چار رکنی پاکستانی اسکواڈ میں جگہ نہیں بناسکے تھے۔ لیکن انفرادی حیثیت میں کھیلتے ہوئے وہ اس چیمپئن شپ میں بھرپور فارم میں دکھائی دے رہے ہیں کوارٹرفائنل میں انہوں نے باسط اشفاق کو چارگیمز میں ہرادیا۔ باسط اشفاق نے پچھلے میچ میں ٹاپ سیڈ بھارت کے سورو گھوسل کو ہرایا تھا۔ چیمپئن شپ کے دوسرے سیمی فائنل میں نمبردو سیڈ خالداطلس اور یاسربٹ مدمقابل ہونگے۔ خالد اطلس نے ہموطن شاہنواز کو اسٹریٹ گیمز میں ہرادیا جبکہ یاسربٹ نے مصر کے محمود عادل کے خلاف کامیابی حاصل کی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||