ایشز سیریز پر گہری نظر: انضمام | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستانی کرکٹ کپتان انضمام الحق کا کہنا ہے کہ وہ اکتوبر میں انگلینڈ کے پاکستان دورے سے قبل ہونے والی ایشز سیریز پر گہری نظر رکھیں گے۔ آسٹریلیا کے ساتھ پانچ ٹیسٹ سیریز کے بعد انگلینڈ کی ٹیم تین ٹیسٹ میچ اور پانچ دن ڈے میچز کے لئے پاکستان کے دورے پر آئے گی۔ انضمام کا کہنا ہے کہ وہ ایشز کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں ’کیونکہ اس سے ہمیں انگلینڈ کی ٹیم کے کمزور اور مضبوط پہلوؤں کو سمجھنے میں مدد ملے گی‘۔ انضمام کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کی ٹیم پہلے سے بہتر ہوئی ہے ایشز میں وہ آسٹریلیا کے خلاف اچھے کھیل کا مظاہرہ کرے گی۔’اور ہمیں ان پر کڑی نظر رکھنی ہے‘۔ انضمام نے کہا کہ پاکستان کی طاقت اس کے فاسٹ بالر ہیں اور ٹیم میں زیادہ اسپنر نہیں لئے جائیں گے۔ . انہوں نے کہا ’میں ٹیم کو اسپنرز سے بھرنے میں یقین نہیں رکھتا۔ ہمارے فاسٹ بالر ہی ہماری طاقت ہیں اور اگر وہ فٹ ہیں تو ہم ان کے ساتھ میچ کھیلیں گے‘۔ ’اس وقت ہماری اصل پریشانی ہمارے فاسٹ بالروں کی فٹنس ہے۔ امید ہے کہ وہ اگلے تین ماہ میں پوری طرح فٹ ہوکر انگلینڈ کے خلاف بہترین کھیل کا مظاہرہ کریں گے‘۔ فاسٹ بالر شعیب اختر اور محمد سمعح دونوں ہی زخمی ہیں اور شبیر احمد اپنے مشتبہ ایکشن پر انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کے فیصلے کے منتظر ہیں۔ انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ کے سکیورٹی افسران کے پاکستان دورے کے بعد توقع ہے کہ انگلینڈ کے دورے کا شیڈول اس ہفتے تیار ہو جائے گا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||