سکیورٹی ماہرین نیشنل اسٹیڈیم میں | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
انگلینڈ کے سکیورٹی ماہرین نے منگل کو نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کرکے وہاں سکیورٹی اور دیگر سہولتوں کاجائزہ لیا۔ ان کے ساتھ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران بھی موجود تھے جنہوں نے ڈگلس ڈک اور اینڈی آلمین کو بریفنگ دی۔ دونوں سکیورٹی ماہرین اس نجی سکیورٹی ایجنسی سے تعلق رکھتے ہیں جس کی خدمات انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے حاصل کی ہوئی ہیں۔ انہیں انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے اپنی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان سے قبل سکیورٹی اور دیگر معاملات کا جائزہ لینے پاکستان بھیجا ہے۔ انگلینڈ کے سکیورٹی ماہرین ڈیڑھ گھنٹے تک اسٹیڈیم میں رہے اور مختلف حصوں کا معائنہ کیا اس دوران وہ اپنے وڈیوکیمرے سے ریکارڈنگ بھی کرتے رہے۔ اس موقع پر صوبائی سیکریٹری داخلہ بریگیڈئر غلام محمد نے صحافیوں کو بتایا کہ دونوں حضرات کو انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کی سکیورٹی کے سلسلے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ہے اور ہر قسم کے خدشات دور کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ اس سکیورٹی سے وہ مطمئن ہیں یا نہیں یہ تو وہ دونوں ہی بتاسکتے ہیں۔ ڈگلس ڈک اور اینڈی آلمین کراچی کے بعد ملتان ،فیصل آباد ،لاہور اور راولپنڈی جائیں گے جہاں انہیں اسی طرح کی بریفنگ دی جائے گی۔ وہ وطن واپسی پر اپنی رپورٹ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کو دیں گے جس کے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز جان کار اور پلیئرز ایسوسی ایشن کے رچرڈ بیون تین جولائی کو پاکستان آنے والے ہیں۔ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم اکتوبر میں پاکستان آنے والی ہے اس دورے میں وہ تین ٹیسٹ اور پانچ ون ڈے کھیلے گی۔ انگلینڈ کی ٹیم کراچی میں ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لئے تیار نہیں ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||