انگلینڈ کا زمبابوے دورہ غیر یقینی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کرکٹ کے عالمی ادارے آئی سی سی کے سربراہ احسان مانی نے اشارہ دیا ہے کہ انگلینڈ کی ٹیم زمبابوے کا دورہ جرمانہ ادا کیے بغیر ہی منسوخ کرسکتی ہے۔ زمبابوے کی حکومت کی جانب سے بی بی سی اور دیگر رپورٹرز پر پابندی کے باوجود انگلینڈ ٹیم کا کہنا ہے کہ ان کا دورہ منصوبے کے مطابق رہے گا۔ آئی سی سی کے صدر احسان مانی نے کہا ہے کہ اس بارے میں فیصلہ کرکٹ کھیلنے والے بڑے ممالک کی جانب سے ووٹنگ کے بعد ہی کیا جائے گا۔ ان کا کہنا ہے کے زمبابوے کی حکومت کے اس رویے کے باعث انہیں انگلینڈ کرکٹ بورڈ سے ہمدردی ہے۔ احسان مانی کا کہنا ہے کہ کسی بھی کھلاڑی کو انفرادی طور پر اس دورہ کی منسوخی کے لیے جرمانہ نہیں ہوسکتا تاہم ان کا کہنا تھا حتمی فیصلے کا انحصار انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ پر ہے۔ انہوں نے بی بی سی کو بتایا کہ ’ہمیں اس صورتحال پر بہت تشویش ہے‘۔ جمعہ سے زمبابوے اور انگلینڈ کے درمیان پانچ میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز شروع ہونے والی ہے جس کے لیے ٹیم بدھ کو جنوبی افریقے کے ذریعے زمبابوے کے دورے کے لیے روانہ ہوگی۔ انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے چیئر مین ڈیوڈ مورگن بدھ کو زمبابوے کے حکام کے ساتھ ملاقات کریں گے۔ تاکہ میچ کے لیے صحافیوں کے داخلے کی اجازت دی جائے۔ ’اس صورتحال کے باوجود بھی مجھے امید ہے کہ یہ دورہ منسوخ نہیں ہوگا اور کوئی صورت ایسی نکل آئے گی کہ ٹیمیں یہ میچ کھیل سکیں گی‘۔ انگلینڈ کی ٹیم کے کپتان کھلاڑیوں کی یونین سے مذاکرات کررہے ہیں۔یونین کے سربراہ رچرڈ بیون نے اس صورتحال کو ’کرکٹ کے لیے ناقابل قبول‘ قرار دیا ہے۔ زمبابوے کی حکومت نے مختلف رپورٹرز کی جانب سے داخل کی گئیں 13 درخواستیں مسترد کردی ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||