انگلینڈ: پہلے ٹیسٹ میں کامیابی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
لندن کے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں انگلینڈ اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو ایک اننگز اور 261 رن سے ہرا دیا ہے۔ انگلینڈ نے پہلی اننگزمیں تین کھلاڑیوں کے نقصان پر 528 رن بنائے اور ڈیکلیئر کر دیا۔ اس کے جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم 108 رن بنا کر فالو آن ہو گئی۔ اس کے بعد دوسری اننگز میں بھی بنگلہ دیش کی ٹیم جم کر نہ کھیل سکی اور اس کے تمام کھلاڑی محض 159 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ انگلینڈ کے میتھیو ہوگارڈ اور سٹیو ہارمیسن نے میچ کے تیسرے دن پہلے دو اووروں میں بنگلہ دیش کے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کی فتح کو یقینی بنا دیا۔ ہوگارڈ نے ایک جبکہ ہارمیسن نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ بنگلہ دیش کے خالد مشہود اور حسین منیر نے آٹھویں وکٹ کی شراکت میں 58 رن بنائے۔ خالد مشہود نے 44 جبکہ حسین منیر نے 13 رن بنائے۔ اننگز اور 261 رن کے فرق سے جیت انگلینڈ کی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں دوسری بڑی فتح ہے جبکہ دنیا میں یہ جیت 9ویں نمبر پر ہے۔ مائیکل وان کی کپتانی میں کھیلے گئے گزشتہ سترہ ٹیسٹ میچوں میں یہ انگلینڈ کی تیرہویں کامیابی ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||