تندولکر کی کہنی کا آپریشن | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہندوستان کے اسٹار بلے باز سچن تندولکر کا پیر کے روز لندن میں کہنی کا آپریشن کیا گیا ہے۔ اس کی وجہ سے وہ آئندہ تقریباً چار ماہ تک کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے۔ کرکٹ بورڈ کے حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن کامیاب رہا ہے۔ ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ کے سکریٹری ایس کے نائر کا کہنا ہے کہ آپریشن سے قبل یہ قیاس کیا جارہا تھا کہ پندرہ ہفتے کے بعد سچن پوری طرح فٹ ہو جائیں گے لیکن فی الوقت یہ نہیں کہا جا سکتا کہ انہیں کتنا وقت لگے گا۔ مسٹر نائر کا کہنا تھا کہ لندن میں جو آپریشن کیا گیا ہے وہ پوری طرح کامیاب رہا ہے۔‘ بتیس سالہ تندولکر کی کہنی میں ایک برس قبل چوٹ لگی تھی اور تب سے انہیں کھیلتے وقت تکلیف محسوس ہوتی تھی۔ اس سلسلے میں چند روز قبل انہوں نے لندن میں ڈاکٹرں سے مشورہ کیا تھا۔ بورڈ کے سکریٹری مسٹر نائر کے مطابق ڈاکٹر اور ٹیم کے فزیو تھریپسٹ جان گلوسٹر نے آپریشن کا مشورہ دیا تھا۔ جان گلوسٹر تندولکر کے ساتھ لندن میں ہیں اور وہ کرکٹ بورڈ کو رپورٹ دیں گے۔ اس آپریشن کی وجہ سے تندولکر سری لنکا میں اگست میں ہونے والی سہ فریقی سیریز میں نہیں کھیل سکیں گے۔ اس میں ہندوستان، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ہندوستان کی ٹیم ستمبر میں زمباوے کا دورہ کریگی اور اس میں بھی سچن کی شمولیت مشکوک ہے۔ سٹار بلے باز سچن تندولکر کو دنیا کا سب سے کامیاب ون ڈے کھلاڑی کہا جاتا ہے۔ انہوں نے اڑتیس سنچریاں اسکور کی ہیں اور ساڑھے تیرہ ہزار سے زیادہ رنز بنائے ہیں۔ ٹیسٹ میچوں میں انہوں نے دس ہزار سے زائد رنز بنائے ہیں اور تیس زائد سنچریاں بنائی ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||