سچن تندولکر کے دس ہزار رنز | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
سچن تندولکر نے پندرہ سال قبل پاکستان ہی کے خلاف کراچی میں اپنے ٹیسٹ کریئر کی ابتدا کی تھی تو بہت کم لوگوں کو اس بات کا اندازہ تھا کہ اس نوجوان کا سفر اسے اتنی بلندی پر لے جائے گا ۔ آج بھارت کی بیٹنگ لائن میں سچن تندولکر ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرتے ہوئے اس مقام پر کھڑے ہیں جس کی تمنا ہر کرکٹر کرتا ہے لیکن ہر کسی کی خواہش پوری نہیں ہوتی۔ سچن تندولکر کو بجا طور پر عصر حاضر کا سب سے قیمتی کرکٹر کہا جاسکتا ہے جس نے کرکٹ کو اپنی شاندار بیٹنگ اور ان گنت ریکارڈز سے مسخر کرلیا ہے۔ پاکستان کے خلاف کولکتہ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں سچن تندولکر نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے دس ہزار رنز مکمل کر لیے۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پانچویں بیٹسمین ہیں۔ کولکتہ ٹیسٹ سے قبل سچن تندولکر نے121 ٹیسٹ کھیل کر9973 رنز بنائے تھے۔ چائے کے وقفے کے بعد انہوں نے عبدالرزاق کی گیند پر ایک رن لے کر یہ سنگ میل عبور کیا تو ایڈن گارڈنز میں موجود تقریبا چالیس ہزار تماشائیوں نے کھڑے ہوکر زبردست تالیوں کے ساتھ انہیں مبارکباد دی۔ آسٹریلیا کے ایلن بورڈر156 ٹیسٹ میچوں میں11174 رنز کے ساتھ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین ہیں۔ بورڈر کے ہم وطن اسٹیو وا نے168 ٹیسٹ میچوں میں10927 رنز بنائے ہیں۔ اس فہرست میں چوتھا نام ویسٹ انڈیز کے برائن لارا کا ہے جنہوں نے112 ٹیسٹ میچوں میں10094 رنز اسکور کئے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||