تندولکر پہلے ٹیسٹ سے باہر | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
سچن تندولکر کو بنگلور میں بدھ کے روز آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں کھیلنے والی بھارتی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ تندولکر کہنی کی چوٹ سے پوری طرح صحت یاب نہیں ہو پائے ہیں اور اسی وجہ سے وہ پہلے ٹیسٹ میچ میں شرکت نہیں کر پائیں گے۔ بھارتی ٹیم کے کپتان سورو گنگولی نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ سچن تندولکر جلد صحت یاب ہو کر دوسرا ٹیسٹ کھیلنے کے قابل ہوجائیں گے۔ نیوز کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ ’سچن پہلا ٹیسٹ نہیں کھیل رہے لیکن غالباً وہ دوسرا ٹیسٹ کھیلیں گے۔‘ سچن تندولکر کی پہلے ٹیسٹ میں شمولیت پر شبہات کا اظہار کیا جاتا رہا ہے کہ گنگولی اور تندولکر دونوں ہی کو امید تھی کہ وہ صحت یاب ہو جائیں گے اور پہلا ٹیسٹ کھیل سکیں گے۔ اکتیس سالہ تندولکر اگست میں ہونے والے ایشیا کپ کے بعد کرکٹ نہیں کھیلے ہیں اور کہنی میں چوٹ کے باعث انہیں بازو کو چھ ہفتے کا آرام بھی دینا تھا۔ تندولکر نے حال ہی میں نیٹ پریکٹس شروع کی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بازو میں اب بھی کمزوری محسوس کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کمزوری کے باعث وہ صرف پندرہ منٹ تک ہی بیٹنگ کر سکتے ہیں۔ تندولکر کی ٹیم میں غیر موجودگی کے باعث اب یہ توقع کی جا رہی ہے کہ آکاش چوپڑا وریندر سہواگ کے ساتھ اننگز کی اوپننگ کریں گے جبکہ یوراج سنگھ چھٹے نمبر پر کھیلنے آئیں گے۔ یہ بھی امکان ہے کہ وی وی ایس لکشمن جنہیں آسٹریلوی ٹیم تندولکر سے زیادہ خطرناک کھلاڑی تصور کرتی ہے، چوتھے نمبر پر بیٹنگ کریں گے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||