ٹنڈولکر ٹیم میں شامل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارتی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز سچن ٹنڈولکر کا نام آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں کھیلنے والی ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔ ٹنڈولکر نے کہنی میں چوٹ کے باعث گزشتہ چھ ہفتوں سے کسی بین الاقوامی میچ میں شرکت نہیں کی ہے اور ابھی بھی ان کی چوٹ مکمل طور پر ٹھیک نہیں ہوئی ہے۔ تاہم انہیں بدھ سے بنگلور میں شروع ہونے والے پانچ روزہ میچ میں کھیلنے والی ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔ بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ کے سیکریٹری ایس کے نائیر کے مطابق ٹنڈولکر کی چوٹ ٹھیک ہو رہی ہے اور بہت جلد وہ پوری طرح کھیلنے کے قابل ہوجائیں گے۔ ایس کے نائیر نے کہا کہ ٹنڈولکر کی چوٹ کا روزانہ معائنہ کیا جا رہا ہے۔ بنگلور ٹیسٹ کے لیے اعلان کی جانے والی ٹیم میں کوئی ڈرامائی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ اس ٹیم میں اشیش نہرا کی جگہ بائیں ہاتھ سے گیند کرانے والےتیز رفتار بالر ظہیر خان کو شامل کیا گیا ہے۔ بھارت کی ٹیم آسٹریلیا کے کپتان رکی پونٹنگ کی عدم موجودگی سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرئے گی۔ رکی پونٹنگ انگوٹھے میں چوٹ کے باعث اس میچ میں شرکت نہیں کر رہے ہیں۔ پونٹنگ پہلے تین ٹیسٹ میچوں میں شرکت نہیں کر پائیں گے۔ آسٹریلیا نے آخری مرتبہ انیس سو ستر میں بھارت کے خلاف بھارت میں ٹیسٹ سریز جتی تھی۔ اس کے بعد سے بھارت دورہ کرنے والی کوئی آسٹریلیوی ٹیم ٹیسٹ سیریز جیتنے میں کامیاب نہیں ہو سکی ہے۔ یوراج سنگھ اور وریندر سہواگ بنگلور میں ایک چار روزہ میچ میں سنچریاں بنانے کے بعد اپنی فارم میں واپس آ گئے ہیں۔ ان دونوں بلے بازوں نے اوپنگ کرتے ہوئے دو سو اناسی رن کی شراکت کی جس میں یوراج نے نو چھکوں اور تیرہ چوکوں کی مدد سے ایک سو چھیالیس رن بنائے جبکہ یوراج سنگھ نے ایک سو پندرہ رن سکور کیے۔ راہول ڈراوڈ اور وی وی ایکس لکشمن اس میچ میں کوئی نمایاں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور انہوں نے بالترتیب نو اور صفر رن سکور کیے۔ محمد کیف نے جنہیں گزشتہ چار سال سے ٹیسٹ میچ نہیں کھلایا گیا اس میچ میں ایک سو تین رن بناکر ایک بار پھر یہ ثابت کیا ہے وہ ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیے جانے کے حق دار ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||