بھارت میں کرکٹ میچ زی ٹی وی پر | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارت کے ٹی وی نیٹ ورک زی نے اگلے چار سال تک بھارت میں ہونے والے کرکٹ میچ ٹی وی پر دکھانے کے حقوق حاصل کر لیے ہیں۔ ان حقوق کے لیے زی ٹی وی بھارتی کرکٹ بورڈ کو ایک سو تہتر ملین پاؤنڈ دے گا۔ سپورٹس چینل ای ایس پی این نے بھی میچ دکھانے کے حقوق حاصل کرنے کے لیے بولی میں حصہ لیا تھا۔ ای ایس پی این نے بھارتی کرکٹ بورڈ پر تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ انہوں نے زی ٹی وی کو حقوق دینے میں اعلان کردہ ضوابط کی خلاف ورزی کی ہے۔ زی نیٹ ورک کی طرف سے پیش کی جانے والی رقم بھارت کے سرکاری چینل دور درشن کی طرف سے گزشتہ چار سالوں میں کرکٹ بورڈ کو دی گئی رقم سے چھ گنا زیادہ ہے۔ زی نے ابتدائی طور پر ایک سو چھیالیس ملین پاؤنڈ کی پیشکش کی تھی جس کے جواب میں ای ایس پی این نے اپنی ایک سو انتیس ملین پاؤنڈ کی پیشکش بڑھا دی تھی لیکن زی نے بھی اپنی رقم بڑھا دی۔ بھارت کرکٹ بورڈ کے صدر جگموہن ڈالمیا نے کہا ہے کہ زی نے سب سے زیادہ رقم کی پیشکش کی ہے اس لیے چند شرائط پوری ہونے کے بعد میچ دکھانے کے حقوق ان کو دے دیئے جائیں گے۔ زی کو ابتدائی طور پر اس ہفتے کے اندر گیارہ عشاریہ پچیس ملین پاؤنڈ ادا کرنا ہوں گے اور پندرہ ستمبر تک بیالیس ملین پاؤنڈ کی ضمانت فراہم کرنی ہے۔ بقایا رقم معاہدے کی مدت کے دوران قسطوں میں ادا کی جائے گی۔ انگریزی زبان کے اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق چار سالوں میں زی کو ایک سو بارہ ملین پاؤنڈ کا منافع ہو گا۔ زی کے اندازے کے مطابق اگلے ماہ آسٹریلیا کے خلاف کرکٹ سیریز سے ابتدا کے بعد چار سالوں میں بھارت میں ایک سو چوالیس دِن کرکٹ کھیلی جائے گی۔ زی کے چیئرمین سوبھاش چندرا نے کہا انہوں نے میچ دکھانے کے حقوق حاصل کرنے کے لیے بہت محنت کی ہے اور وہ لوگو ں کی توقعات پر پورا اتریں گے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||