عالمی ٹورنامنٹ پرٹیکس معاف | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہندوستانی حکومت نے آئندہ برس چمپئینز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ پر ٹیکس معاف کردیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد ہندوستان میں چمپیئنز ٹرافی کے انعقاد کے سارے راستے صاف ہوگئے ہیں۔ ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ نے حکومت سے ٹیکس کی معافی کے لیے درخواست کی تھی۔ لیکن حکومت نے اس ضمن میں عالمی سطح کےتمام کھیلوں پر ٹیکس معاف کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کابینہ کی ایک میٹنگ کے بعد وزیرخزانہ پی چدمبرم نے کہا کہ ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ کی درخواست کے پیش نظر حکومت نے کھیلوں پر لگنے والے ٹیکس کے ضابطوں میں کچھ تبدیلیاں کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ ملک میں کھیلے جانے والے تمام عالمی پیمانے کے ٹورنامنٹ پر ٹیکس معاف ہوگا۔ مسٹر چدمبرم کا کہنا تھا کہ ٹیکس معاف کرنے کی درخواست کرکٹ کنٹرول بورڈ کی جانب سے آئی تھی۔ لیکن اس فیصلے کے تحت یہ رعایت تمام کھیلوں کو حاصل ہوگی۔ کرکٹ کھیل میں ورلڈ کپ کے بعد چمپئینز ٹرافی کو سب سے اہم ٹورنامنٹ کہا جاتا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اپنے ترقیاتی پروگرام کے لیے اس ٹورنا منٹ سے پیسہ جمع کرتی ہے۔ ہندوستان میں اس ٹورنا منٹ کے انعقاد کے لیے آئي سی سی نے ٹیکس معاف کرانے کو کہا تھا اور کرکٹ کنٹرول بورڈ کو اس کے متعلق فیصلہ کرنے کے لیے جون تک کا وقت دیا تھا۔ آئی سی سی نے کہا تھا کہ اگر ٹیکس معاف نہ ہوا تو یہ ٹورنا منٹ کسی دوسرے ملک میں منتقل کردیا جائیگا۔ پاکستانی کرکٹ بورڈ نے اپنے ملک میں اس ٹورنامنٹ کو ٹیکس فری کرانے کا آئی آئي سی کویقن بھی دلایا تھا۔ تاہم گزشتہ دنوں بورڈ کے حکام نے وزیراعظم منموہن سنگھ سے ملاقات کی تھی اور کہا تھا کہ وہ ذاتی طور پر کچھ کریں تاکہ ٹورنامنٹ ہندوستان سے باہر نہ جانے پائے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ کھیلوں کے فروغ کے لیے یہ رعایت دی گئی ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||