وزیراعظم، میچ پاکستان جانے سے بچائیں | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارتی کرکٹ بورڈ نے 2006 کی آئی سی سی چمپیئنز ٹرافی کا انعقاد پاکستان میں ہونے سے روکنے کے لیے وزیراعظم من موہن سنگھ سے مدد طلب کی ہے۔ اگر بھارتی حکومت اس ٹورنامنٹ کو ٹیکس سے مستثنیٰ قرار نہیں دیتی تو اس صورت میں امکان ہے کہ آئی سی سی ٹرافی بھارت میں منعقد نہیں کرائی جائے گی۔ آئی سی سی چمپیئنز ٹرافی پر سے ٹیکس ختم کرنے کی تصدیق کے لیے بین الاقوامی کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) نے جون تک مہلت دی ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سابق صدر جگ موہن ڈالمیا نے کہا کہ ’وزیراعظم نے ہمیں یقین دلایا ہے کہ وہ اس معاملے کا جائزہ لیں گے۔‘ جگ موہن ڈالمیا اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے موجودہ صدر رنویر سنگھ مہندر نے جمعرات کو وزیراعظم من موہن سنگھ سے ملاقات کی۔ جگ موہن ڈالمیا کا کہنا تھا کہ ’ملاقات کافی مثبت تھی اور ہمیں امید ہے کہ ٹورنامنٹ پر سے ٹیکس ختم کر دیا جائے گا۔‘ بھارت میں منعقد کیے جانے والے تمام بین الاقوامی کھیلوں اور مقابلوں پر ٹیکس کی ادائیگی لازمی ہے۔ بھارت میں 1987 اور 1996 میں منعقد ہونے والے دو عالمی کرکٹ کپ کے دوران بھی ملک میں ٹیکس معاف کرنے کی پالیسی لاگو نہیں تھی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||