 |  1958 سے لے کر ابتک پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ انفرادی محمد حنیف کا ہے |
کیا آپ کو معلوم ہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلی ٹیسٹ سیریز انیس سو اٹھاون میں کھیلی گئی تھی۔ یہ سیریز ٹیسٹ کرکٹ میں ہونے والی وہ واحد سیریز ہے جس میں دو ٹرپل سنچریاں بنائی گئی تھیں۔ باربیڈوس کے سٹیڈیم کینسنگٹن اوول میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے اوپنر محمد حنیف نے ٹیسٹ کرکٹ کی سب سے لمبی اننگز کھیلی اور نو سو ننانوے منٹ تک بیٹنگ کی (کئی جگہ اسے نو سو بہتر منٹ بھی لکھا جاتا ہے)۔ انہوں نے اس دوران تین سو سینتیس رنز بنائے۔ ان کے اس ریکارڈ تک اب تک کوئی پاکستانی بیٹسمین نہیں پہنچ سکا ہے اور پاکستان کی طرف سے ٹیسٹ کرکٹ میں انیس سو اٹھاون سے لے کر ابتک محمد حنیف ہی کا سب سے زیادہ سکور ہے۔ سن دو ہزار دو میں نیوزی لینڈ کے خلاف لاہور میں ہونے والے ٹیسٹ میچ میں انضمام الحق اس ریکارڈ کے قریب پہنچ گئے تھے لیکن وہ اسے توڑ نہ سکے۔ وہ تین سو انتیس رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اسی سیریز کے دوران تیسرے ٹیسٹ میچ میں جمیئکا کے سبینا پارک میں جہاں پاکستان حالیہ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلے گا، سر گیری سوبرز تین سو پینسٹھ رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ انہوں نے نہ صرف حنیف محمد سے زیادہ رنز بنائے بلکہ اس وقت تک دنیائے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا لین ہٹن کا ریکارڈ بھی توڑ ڈالا جوکہ تین سو چونسٹھ رنز کا تھا۔ لین ہٹن نے یہ سکور اوول، لندن، میں آسٹریلیا کے خلاف بنایا تھا۔ اس کے چھتیس سال بعد یعنی انیس سو ترانوے۔چورانوے کی سیریز میں ویسٹ انڈیز کے ہی ایک بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے بیٹسمین برائن لارا نے اینٹیگا کے گراؤنڈ سینٹ جونز میں انگلینڈ کے خلاف کھیلتے ہوئے اپنے ہم وطن سر گیری سوبرز کا ریکارڈ توڑا اور تین سو پچھتر رنز بنا ڈالے۔ لارا یہاں نہیں رکے بلکہ دو ہزار تین۔چار کی سیریز میں انگلینڈ کے خلاف اینٹیگا کے گراؤنڈ سینٹ جونز میں ہی چار سو رنز ناٹ آؤٹ کی ایک عظیم اننگز کھیلی جو کہ اب تک ایک ریکارڈ ہے اور اسے کوئی توڑ نہیں سکا۔ |