فٹ بال سیریز برابری پر ختم | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان نے آخری میچ میں بھارت کو ہرا کر دونوں ملکوں کے درمیان پہلی فٹ بال سیریز برابری پر ختم کر دی ہے۔ پنجاب سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جانا والا میچ پاکستان نے تین صفر سے جیت لیا اور اس طرح تین میچوں کی یہ سیریز ایک ایک میچ سے برابر رہی۔ کوئٹہ میں ہونے والا پہلا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا جبکہ پشاور میں ہونے والا میچ بھارت نے ایک صفر سے جیت لیا تھا۔ پاکستان کو گول کرنے کی بہتر اوسط کی بنیاد وننگ ٹرافی ملی۔ یہ میچ مصنوعی روشنیوں میں رات کے تقریباً پونے نو بجے شروع ہوا۔پاکستان کی ٹیم کے فارورڈ محمد عیسیٰ نے میچ کے دوسرے منٹ میں ہی پاکستان کی جانب سے پہلا گول کر دیا۔ پاکستان کی جانب سے آغاز ہی میں ملنے والی اس برتری پر بھارتی ٹیم دباؤ کا شکار ہو گئی۔ پاکستان کے کھلاڑی میچ پر چھائے رہے اور کھیل زیادہ تر بھارت کے ہاف میں ہی ہوتا رہا۔ پاکستان کی جانب سے دوسرا گول تنویر احمد نے محمد عمران کی فری کک پر ملنے والے بال کو جال میں پھینک کر کیا۔یہ گول میچ کے چوالیسویں منٹ میں ہوا۔ اس گول کے بعد بھارتی فارورڈز نے پاکستان کے گول پر بھر پور جوابی حملہ کیا تاہم پاکستان کے کپتان گول کیپر جعفر خان نے ایک یقینی گول بچا لیا۔ دوسرے ہاف کے شروع ہوتے پاکستانی کھلاڑی پھر حرکت میں آگئے اور آتے ہی انہوں نے بھارت کے گول پر زور دار حملہ کیا جس کے نتیجے دوسرے ہاف کے پہلے منٹ میں ہی پاکستان کے کھلاڑی عارف محمود نے تیسرا گول کر دیا اور تین گول کی یہ برتری میچ کے اختتام تک قائم رہی۔ پاکستان کے وزیر اعظم شوکت عزیز میچ کے مہمان خصوصی تھے انہوں نے کھلاڑيوں میں انعامات تقسیم کیے۔ آج کے میچ کے مین آف دی میچ پاکستانی کھلاڑی تنویر احمد قرار پائے۔ بھارتی کپتان ونکیٹیش کو بھارتی ٹیم میں کا مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔ پنجاب سٹیڈیم میں فلڈ لائٹس کی روشنی ناکافی تھی اور اس بات کو وزیر اعظم پاکستان شوکت عزیز نے بھی محسوس کیا اور تقسیم انعامات کے بعد انہوں نے سٹیڈیم میں بہتر روشنیاں لگانے کے لیے دو کروڑ روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا۔ میچ کے بعد بھارتی کپتان ونکٹیش نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آج ان کی ٹیم اچھے کھیل کا مظاہرہ نہ کر سکی اور پاکستان نے آغاز ہی میں جو برتری حاصل کر لی تھی وہی ٹرنگ پوائنٹ ثابت ہوئی۔ ویکٹیش نے پاکستانیوں کی مہمان نوازي کی تعریف کی اور کہا کہ ان کی ٹیم اپنے قیام کے دوران بہت لطف اندوز ہوئی۔ پاکستانی کپتان جعفر خان نے کہا کہ آج کے میچ سے پہلے ہی ہماری منصوبہ بندی یہ تھی کہ جارحانہ کھیل کھیلنا ہے اور ہر حال میں جیت کر سیریز برابر کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم نے اس سیریز سے بہت کچھ سیکھا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||