بھارتی باکسرز ویزے کے منتظر | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارتی باکسروں کو ویزہ نہ ملنے کی وجہ سے بھارت کی پہلی ایشین جونیئر باکسنگ چیمپئن شپ میں شر کت کے امکانات معدوم ہوگئے ہیں۔ چیمپئن شپ پیر سے کراچی میں شروع ہورہی ہے جبکہ ہفتے کی رات تک بھارتی باکسرز کو دہلی میں پاکستانی سفارتخانے نے ویزے جاری نہیں کئے تھے۔ انٹرنیشنل باکسنگ ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر انورچوہدری نے اس صورتحال پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے پاکستان کی بدنامی سے تعبیر کیا ہے ان کا کہنا ہے کہ اگر بھارت اس چیمپئن شپ میں شرکت نہ کرسکا تو اس سے پاکستان کی نیک نامی نہیں ہوگی۔ پروفیسر انورچوہدری کا کہنا ہے کہ بھارت اور تائیوان نے تین ماہ قبل ہی ویزوں کے سلسلے میں ان سے رجوع کیا تھا تائیوان کے باکسرز کو کراچی پہنچنے پر ویزے جاری کئے جارہے ہیں البتہ بھارتی باکسرز کے پاسپورٹس اور دیگر کوائف وزارت داخلہ کو بھجوادیئے گئے تھے۔ پروفیسر انور چوہدری نے کہا کہ بھارتی باکسنگ ایسوسی ایشن نے انہیں مطلع کیا ہے کہ دہلی میں پاکستانی سفارتخانہ ویزے جاری نہیں کررہا ہے کیونکہ اسے اس بارے میں ہدایت نہیں ملی ہے۔ انور چوہدری نے کہا کہ انٹرنیشنل باکسنگ ایسوسی ایشن کے قواعد وضوابط کے تحت جو بھی ملک چیمپئن شپ کراتا ہے اس پر لازم ہوتا ہے کہ وہ آئبا کے تمام رکن ممالک کو دعوت نامہ بھیجے گااور چیمپئن شپ میں حصہ لینے کے لیے تمام سہولتیں فراہم کرے گا اس لحاظ سے بھارت کو تمام سہولتیں فراہم کی جانی چاہئے تھیں۔ بھارت نے اس چیمپئن شپ کی تمام گیارہ کیٹگریز میں اپنے باکسرز کی انٹری بھیجی ہے۔ بھارتی باکسرز کو تاحال ویزے نہ ملنے کامعاملہ اس لیے بھی حیران کن معلوم ہوتا ہے کہ بھارتی فٹبال ٹیم اسوقت پاکستان کے دورے پر ہے جبکہ سنوکر ٹیم پاکستان سے سنوکر سیریز کھیل کر جاچکی ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||