پاکستانی کرکٹر، بھارتی داماد | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
اس وقت جب بھارت اور پاکستان کے درمیان دوستی کے پھول کھل رہے ہیں ایک پاکستانی کرکٹر اور ایک ہندوستانی لڑکی کے درمیان محبت نے سب کی توجہ حاصل کر لی ہے۔ اگلے ہفتے جب پاکستان کی ٹیم پریکٹس میچ کے لیے حیدر آباد پہنچے گی تو ٹیم کے ایک کھلاڑی کے لئے یہ ایک غیر معمولی موقع ہوگا کیونکہ پاکستانی گیند باز شعیب ملک پہلی مرتبہ اپنے سسرال کے لوگوں سے ملیں گے۔ شعیب کی اہلیہ عائشہ (ماہا صدیقی) حیدرآباد کی ہی ہیں اور ان کی پرورش سعودی عرب میں ہوئی ہے۔ عائشہ جدہ کے ایک سکول میں منتظم ہیں اور فی الحال ایم بی اے کا کورس کر رہی ہیں۔ لیکن ابھی ان دونوں کی رسمی طور پر شادی ہونی ہے کیونکہ تقریباً دو سال پہلے انہوں نے فون پر نکاح کیا تھا۔ عائشہ نے بی بی سی کو بتایا کہ ان دونوں کی ملاقات 2000 میں دوبئی میں اس وقت ہوئی جب شعیب پاکستانی ٹیم کے ساتھ وہاں آئے تھے اور وہ اپنے گھر والوں کے ساتھ شاپنگ کے لئے دوبئی آئی تھیں۔ عائشہ نے بتایا کہ وہ ایک ہوٹل میں شعیب سے ملیں جہاں وہ کھانا کھانے گئی تھیں اور چلتے وقت اپنی چابیاں وہاں بھول گئیں۔ اور وہ چابیاں انہیں شعیب نے لاکر دیں اس طرح یہ دوستی 2 مئی 2002 کو ٹیلی فون پرنکاح تک پہنچ گئی۔ عائشہ نے بتایا کہ ان کی ایک سہیلی کا بھائی نکاح میں ان کی جانب سےگواہ بنا جبکہ شعیب کی جانب سے ان کے بہنوئی اور کچھ دوست گواہ تھے نکاح اس وقت ہوا جب عائشہ حیدر آباد میں تھیں اور شعیب اپنے شہر سیالکوٹ میں تھے۔ کچھ عرصے کے بعد عائشہ نے اپنے والدین کو یہ خبر سنائی اور کچھ دیر کی ناراضگی کے بعد ان کے گھر والے رضامند ہوگئے۔ ایسا ہی سیالکوٹ میں بھی ہوا اور اب دونوں خاندان ان کی رسمی طور پر شادی کی تیاریاں کر رہے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||